پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے دو معاہدوں سمیت تین معاہدوں پر دستخط

جمعرات 26 نومبر 2015 13:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے دو معاہدوں سمیت تین معاہدوں پر دستخط ہوگئے‘ معاہدوں کے تحت ایشیائی ترقیاتی بنک توانائی کے شعبے کے لئے پاکستان کو 60کروڑ ڈالر قرض فراہم کرے گا‘ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان معاہدوں کو خوش آئند اور تاریخی قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان توانائی کے منصوبوں میں تعاون کے دو معاہدوں سمیت تین معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔ معاہدوں کے تحت ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کو توانائی کے شعبے کے لئے ساٹھ کروڑ ڈالر قرض فراہم کریگا ۔ یہ رقم توانائی کے شعبے میں اصلاحات‘ ترسیلی اور تقسیم کے نظام کی بہتری پر استعمال کی جائے گی۔

(جاری ہے)

معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے نمائندے ورنر لیپک نے شرکت کی۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ناروے ‘ آسٹریلیا‘ یو ایس ایڈ سمیت کئی ممالک ڈیزاسٹر فنڈ میں شریک ہونگے۔ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان معاہدے تاریخی حیثیت رکھتے ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے ڈیزاسٹر فنڈ قدرتی آفات میں استعمال ہوسکے گا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مستقل نوعیت کا فنڈ ہوگا۔ نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ میں پاکستان اپنا حصہ بھی شامل کریگا۔

متعلقہ عنوان :