پیپلز پارٹی کو کبھی نہ ختم کیا جا سکتا ہے نہ اس کے وجود سے انکار کیا جاسکتا ہے‘ مخدوم احمد محمود

جمعرات 26 نومبر 2015 13:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے من گھڑت بے بنیاد مقدمات میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی بریت پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس جی ایس کوٹیکنا کیس میں متعلقہ عدالت کی جانب سے آصف علی زرداری کو بری قرار دینے سے ایک بار پھر یہ ثابت ہو گیا ہے کہ مخالفین نے ہمیشہ سیاسی طور پر مقابلہ کرنے میں ناکامی کے بعد جھوٹے مقدمات اور ریفرنسز کی توسط سے نشانہ بنایا،17 سال عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنے کے بعد آصف علی زرداری کی نام نہاد کیسز میں بریت سے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی بیگناہی کی پوزیشن بھی واضح ہو گئی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو ڈرانے دھمکانے کے لئے مختلف حکمرانوں نے اسے مسلسل نشانہ بنایا اور تقریباً دو دہائیوں سے ریاست کے لاکھوں روپے خرچ کر کے جھوٹے مقدمات کے ذریعے انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا کر ایک کورٹ سے دوسری کورٹ تک اور جیلوں سے لے کر ٹارچر سیلوں تک دھکیلا

لیکن اس کے باوجود ان کے خلاف ایک بھی الزام ثابت نہ کر سکے، بلکہ آمر قوتوں ان کے حواریوں نے جان بوجھ کر ملک کی مقبول قیادت اور محبت وطن سیاسی قیادت اور ملک کی بڑھتی ہوئی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لئے بیگم نصرت بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری سمیت پیپلز پارٹی کی قیادت کو دبایا اور نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے اس کی شروعات کی اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف ریفرنسز کی پیروی کی انہوں نے حقیقت میں معاشی بددیانتی کی ہے جو ناقابل معافی ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف ان کیسوں کے آغاز سے لے کر ان کی انویسٹی گیشن، شنوایوں پر سیکرٹ فنڈ، قانونی فیس کے نام پر اور احتساب بیورو، نیب، سمیت ایف آئی اے حکام کے بیرون ملک دوروں پر ملکی اور غیر ملکی کرنسیز میں خرچ کیے گئے کروڑوں روپے کی واپسی کے علاوہ مطالبہ کیا کہ جنہوں نے ریفرنسز کے ذریعے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو جلاوطن ہونے پر مجبور کیا اور آصف علی زرداری کو کئی سالوں تک جیلوں میں قید کروایا انہیں معافی مانگنی چاہیے۔

مخدوم احمد محمود نے مزید کہا کہ اگر دیکھا جائے تو پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ آمریتوں کے خلاف عزم بلند کیا اور اس کے خلاف جدوجہد میں اب تک کتنی ہی ان گنت قربانیاں دیں۔ مخالفین کو چاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں کیونکہ یہ عوام کی پارٹی ہے اس کو بدنام کرنے کی اب تک کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔ پیپلز پارٹی کو کبھی نہ ختم کیا جا سکتا ہے نہ اس کے وجود سے انکار کیا جاسکتا ہے۔