وزیر اعظم دولت مشترکہ سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے مالٹا روانہ

مالٹا کے ہم منصب سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے

جمعرات 26 نومبر 2015 12:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء)وزیر اعظم نوازشریف 24 ویں سربراہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے مالٹا روانہ ہوگئے ،مختلف ممالک کے سربراہوں سے ملاقات کریں گے جس میں عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے،ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف دولت مشترکہ کے 3 روزہ سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے مالٹا کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، دولت مشترکہ کا سربراہی اجلاس ہر دوسال بعد ہوتا ہے اور اس سال اجلاس کا عنوان ”عالمی اقدار کی اہمیت” ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پرتشدد’ انتہا پسندی اوربنیاد پرستی ‘ پائیدار ترقیاتی اہداف اورہجرت کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا، اس کے علاوہ رکن ممالک کے سربراہ آئندہ 4 برس کے لئے دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کے جنرل سیکرٹری کا انتخاب بھی کریں گے،ذرائع نے بتایا کہتین روزہ دولت مشترکہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیر اعظم اس موقع پر کئی عالمی رہنماوٴں سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ مالٹا کے وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے اوران کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں شرکت کریں گے