تعلیم،سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق پاک۔ترکمانستان مشترکہ ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس، دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

بدھ 25 نومبر 2015 22:57

اسلام آباد ۔ 25 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء) پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاست ترکمانستان نے تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کر لیا۔ اس عزم کا اعادہ بدھ کو یہاں تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق پاک۔ترکمانستان مشترکہ ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔

نائب وزیر تعلیم گلدی محمدوف ترکمانستان کے وفد جبکہ وزارت برائے بین الصوبائی تعاون کے جوائنٹ سیکرٹری آفتاب احمد جمال پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ اجلاس کے موقع پر” اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء“ سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب احمد نے کہا کہ اجلاس کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین تعلیم کے شعبے میں تعاون اور سائنس وٹیکنالوجی، میڈیکل اور دیگر شعبوں میں سکالرز کے تبادلوں کیلئے راہ ہموار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اجلاس منعقد کرنے سے دونوں ملکوں کے مابین دوستی، تعاون اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کو فروغ ملے گا۔ اجلاس کے شرکاء نے اپنے اپنے تعلیمی نظام اور معیار کے بارے میں بھی معلومات کا تبادلہ کیا۔ پاکستانی وفد نے ملک میں تعلیمی معیار کے فروغ کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اورصوبائی تعلیمی بورڈز کے کردار کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر کے علاوہ صوبائی تعلیمی اداروں اور سائنس وٹیکنالوجی کے نمائندے بھی اس موقع پرموجود تھے۔

متعلقہ عنوان :