پی اے آر سی)، یو ایس ایڈ اور سمنٹ کے تعاون سے ”میزفیلڈ ڈی“ کا انعقاد کیا گیا

بدھ 25 نومبر 2015 22:57

اسلام آباد ۔ 25 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء) پاکستان زرعی تحقیقی کونسل (پی اے آر سی)، یو ایس ایڈ اور مکئی اور گندم کی پیداوار بڑھانے سے متعلق ادارے سمنٹ کے تعاون سے ”میزفیلڈ ڈی“ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بین الاقوامی اداروں یو ایس ایڈ کے نمائندے ناظم علی، سمنٹ کے کنٹری ڈائریکٹر نے شرکت کی۔ اس موقع پر مکئی کے کھیتوں کا دورہ کیا گیا جہاں پر مکئی کی 45 ہائبرڈ اقسام کی فصل کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات خان بوسن کے ہمراہ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کے سیکرٹری، چیئرمین پی اے آر سی، ڈائریکٹر جنرل این اے آر سی، یو ایس ایڈ ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے مکئی کے کھیتوں میں فصل کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یو ایس ایڈ کے نمائندے نے بتایا کہ مکئی کی نئی 45 ہائبرڈ اقسام ملک کے دور افتادہ علاقوں میں بہتر پیداوار کی حامل ہونگی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سکندر حیات خان بوسن نے کہا کہ حکومت زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 سال کی طویل کوششوں کے بعد پلانٹ بریڈرز رائٹس بل منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تصدیق شدہ بیج کی فراہمی اور زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقی سرگرمیوں کے نتائج کھیتوں تک لے جانے سے چھوٹے کاشتکاروں کی فلاح میں اضافہ ہو گا اور فی ایکڑ پیداوار بڑھے گی۔ تقریب سے سیکرٹری سیرت اصغر، چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر ندیم امجد، این اے آر سی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد عظیم نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :