کراچی تا لاہور گیس پائپ لائن منصوبہ کیلئے سروے کا آغاز خوش آئند ہے، ظہیر بھٹہ

بدھ 25 نومبر 2015 22:55

لاہور۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی و ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ظہیر بھٹہ نے روس کے تعاون سے کراچی تا لاہور گیس پائپ لائن منصوبہ کیلئے سروے کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی گیس ضروریات کی بناء پر کراچی تا لاہور ایل این جی کی فراہمی کیلئے1100کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن منصوبہ کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین اورنعمان حسین وائس چیئرمین سمیت ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس صنعتوں کی بنیادی ضرورت ہے،موسم سرما میں صنعتوں کو گیس کی کمی کا سامنا ہوتا ہے اور بین الاقوامی سطح پر اشیاء کی فراہمی کے معاہدے بروقت مکمل کرنے میں مشکل پیش آتی ہے جس کے باعث پاکستانی برآمدات کم ہونے کا خدشہ ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

ظہیر بھٹہ نے کہا کہ کراچی تا لاہور گیس پائپ لائن منصوبہ سے سالانہ 2.4 ارب مکعب میٹر گیس کی فراہمی سے سوئی گیس بحران میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی جبکہ صنعتوں کو اس کی ضروریات کے مطابق گیس کی فراہمی سے صنعتیں ترقی کرینگی اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کا باعث بنیں گی اورملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :