تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیوں میں اضافے سے روزگار، ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے مواقع میسر آئیں گے

وزیر مملکت برائے پٹرولیم وقدرتی وسائل نواب جام کمال خان کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 25 نومبر 2015 22:50

اسلام آباد ۔ 25 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم وقدرتی وسائل نواب جام کمال خان نے کہا ہے کہ تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیوں میں اضافے سے روزگار، ترقی و خوشحالی سمیت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مواقع میسر آئیں گے۔ یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی سربراہی میں ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے دن رات کوششوں میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرغون گیس فیڈر کی کامیابی اور اس کو مکمل کرکے سسٹم میں لاکر کوئٹہ اور دیگرمضافاتی علاقوں میں حالیہ سردیوں میں گیس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایاگیا ہے جو بلوچستان کے عوام کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا ایک اور دیرینہ مطالبہ مستونگ نئی گیس پائپ لائن کا منصوبہ تھا جسے عوامی حکومت نے پوراکر دیا ہے جس سے نہ صرف مستونگ کے لوگوں کو فائدہ ہوگا بلکہ قلات اور دیگر علاقوں میں گیس کے پریشر کا مسئلہ بھی حل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے دیگر اہم اہداف میں گوادر سے ایل این جی گیس کی سپلائی کے منصوبے بھی شامل ہیں جن پر تیزی سے کام جاری ہے اور وہ بہت جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آغاز حقوق بلوچستان کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں گیس سروے کرائے جا رہے ہیں۔ تاپی کے منصوبے سے علاقے میں گیس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انڈسٹریز کے بھی آنے سے بلوچستان میں ایک انقلاب آئے گا جس سے نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا اور دہشت گردی پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان میں گیس کے دریافت کیلئے کام کرنے والے کمپنیوں کو سختی سے ہدایت کی ہے جس کے تحت بہت سے سروے شروع بھی کر دیئے گئے ہیں جن سے علاقے میں روزگار، علاقے کی ترقی و خوشحالی سمیت علاقے کی فلاح و بہبود کیلئے مواقع میسر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :