وزیر اعلیٰ پنجاب نے محکمہ سیاحت کی سائیٹ سینگ لاہور بس سروس کا افتتاح کر دیا

ٹورسٹ بسیں لاہور میں سیروسیاحت کے فروغ اور ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گی

بدھ 25 نومبر 2015 22:50

لاہور۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے محکمہ سیاحت پنجاب کے زیر انتظام لاہور میں اپنی طرز کی پہلی ٹورسٹ بس سروس کا افتتاح کر دیا۔بدھ کے روز پنجاب سٹیڈیم میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے حکومت پنجاب اور محکمہ سیاحت کے ڈبل ڈیکر بس سروس کے منصوبے کو بہت سراہااور اسے لاہور کے شہریوں کیلئے ایک دلچسپ سیاحتی سر گرمی قرار دیا۔

افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹورسٹ بس سروس کی پہلی ٹکٹ 200روپے میں خرید کر بس کے پہلے ٹورسٹ مسافر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا وزیر اعلیٰ نے قذافی سٹیڈیم کے گرد بس کی سیر بھی کی اور اس کے سفر سے لطف اندوز ہوئے۔وزیر اعلیٰ نے بس کی ٹکٹ کا بھی اعلان کیا جو کہ سٹوڈنٹس کیلئے 100روپے جبکہ عام شہریوں کیلئے 200روپے ہو گی۔

(جاری ہے)

اس ٹورسٹ بس سروس میں تربیت یافتہ ٹورسٹ گائیڈ تمام راستے میں لوگوں کو مختلف مقامات کے متعلق آگاہی فراہم کریں گے اور بس میں لگی ایل سی ڈی پر شہر کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کی فلم بھی چلائی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے لاہور دنیا بھر میں اپنی منفرد ثقافت ،آرٹ ،تاریخی مقامات اور تفریحی سہولیات کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی سہولت اور ان کے سیروسیاحت کے لمحات کو یاد گار بنانے کیلئے ان ڈبل ڈیکر بسوں کو متعارف کروایا گیا ہے افتتاح کے موقع پر رانا مشہود وزیر سیاحت ،پرویز ملک ایم این اے ،شائستہ پرویز ملک ایم این اے،خواجہ حسان،عمران گورایہ ،سیکریٹری ٹورازم ہمایوں مظہر شیخ،ایم ڈی ٹورازم احمر ملک سمیت لوگوں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :