جڑواں شہروں کی مارکیٹوں میں میک اپ کے غیر معیاری سامان کی فروخت پر خواتین کا اظہار تشویش

بدھ 25 نومبر 2015 22:50

اسلام آباد ۔ 25 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی کی خواتین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ جڑواں شہروں کی مارکیٹوں میں خواتین کے میک اپ کا غیر معیاری سامان فروخت ہو رہا ہے جس سے خواتین میں جلدی امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ اس سلسلہ میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

تفصیلات کے مطابق میک اپ کے معیاری سامان کی قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے خواتین سستی اور غیر معیاری اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔ غیر معیاری سامان بیچنے والے بھی اسی وجہ سے جعلی کمپنیوں سے غیر معیاری اشیاء خرید کر بیچتے ہیں۔ ایک دکاندار ساجد خان کا کہنا ہے کہ خواتین اعلیٰ کمپنیوں کے سامان کی قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے سستی اشیاء کو خریدنے کو ترجیح دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ ہم اس طرح کا سامان بیچنے کے لئے مجبور ہیں۔ ایک اور دکاندار شیراز خان نے بتایا کہ روز بروز ہمارا کاروبار وسیع ہو رہا ہے، ہمارے پاس پرفیومز، لپ اسٹکس، فاؤنڈیشن سمیت میک اپ مصنوعات کی کئی اقسام موجود ہیں۔ ایک طالبہ عائشہ نے کہا کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق یہ آئٹم خریدتی ہیں۔ جلدی امراض کی ماہر ڈاکٹر شمائلہ نے کہا کہ غیر معیاری میک اپ کا سامان انتہائی نقصان دہ ہے جس کی وجہ سے متعدد قسم کی جلدی امراض پیدا ہوتی ہیں جو لوگ روزانہ کی بنیاد پر یہ سامان استعمال کرتے ہیں، انہیں اس سے اجتناب کرتے ہوئے اپنی جلد کی حفاظت کرنی چاہئے۔