وزیراعظم محمد نواز شریف کا شہید خاتون فلائنگ آفیسر کے والد سے ٹیلیفون پر اظہار تعزیت

مریم مختار نے شہری آبادی کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے شہادت کا رتبہ حاصل کیا

بدھ 25 نومبر 2015 22:45

اسلام آباد ۔ 25 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے فضائی حادثہ میں شہید ہونے والی فلائنگ آفیسر مریم مختار کے والد کرنل (ر) مختار احمد سے ٹیلیفون پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم پاکستان کا فخر اور پاکستانی خواتین کے لئے ایک روڈ ماڈل تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم نہ صرف آپ کی بیٹی تھیں بلکہ پوری قوم کی بیٹی تھیں جس نے فلائنگ جیسے شعبے کو اختیار کیا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ مریم مختار گزشتہ روز ضلع میانوالی میں کندیاں کے نزدیک طیارہ حادثہ میں شہید ہو گئی تھیں۔ وہ پہلی پاکستانی خاتون فائٹر پائلٹ تھیں ۔انہوں نے شہری آبادی کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ طیارہ کے معاون پائلٹ اسکوارڈن لیڈر ثاقب عباسی معمولی زخمی ہوئے۔