چینی میڈیا کے سینئر صحافیوں پر مشتمل وفد کی طارق فاطمی سے ملاقات

پاک چین اقتصادی راہداری سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ٗطارق فاطمی

بدھ 25 نومبر 2015 22:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔چینی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے سینئر صحافیوں پر مشتمل وفد نے بدھ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سی سی ٹی وی نیوز کے ہان بن کر رہے تھے۔

وزیراعظم کے خصوصی معاون نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے رائے عامہ ہموار کرنے میں میڈیا کی اہمیت پر زور دیا اور دونوں ملکوں کے میڈیا نمائندوں کے مابین تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ طارق فاطمی نے وفد کو گزشتہ اڑھائی سالوں کے دوران جمہوری اداروں کے استحکام، گورننس میں بہتری اور اقتصادی کامیابیوں اور سیکیورٹی کی بہتری کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں پر بریف کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے خصوصی معاون نے زیادہ سے زیادہ علاقائی سالمیت، رابطوں ، اقتصادی اور تجارتی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے وزیراعظم کے وژن سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اس سلسلے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ، اس سے نہ صرف چین پاکستان بلکہ تمام خطہ مستفید ہو گا۔ طارق فاطمی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین وقت کے ساتھ ساتھ تعلقات اور تعاون میں مزید پختگی اور استحکام آ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :