ممتازعلی بھٹو کا مخدوم ہاؤس ہالا جاکرسینئر سیاستدان مرحوم مخدوم امین فہیم کی وفات پراظہار تعزیت

مخدوم محمد امین فہیم کے ساتھ زرداری لیگ نے دھوکا کیا،زرداری نے جھوٹی دستاویزات اور جھوٹا وصیت نامہ لکھ کر امین فہیم کو دونوں عہدوں سے محروم کردیا،مخدوم بڑے دل و دماغ والی پرکشش شخصیت تھے،مسلم لیگ(ن) کے رہنما کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 نومبر 2015 22:04

ہالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اورسابق وزیراعلیٰ و گورنر سندھ سردار ممتازعلی بھٹو نے ہالا پہنچ کر مخدوم ہاؤس ہالامیں سندھ اسمبلی کے ممبر ڈاکٹر مخدوم رفیق الزمان کے بھائی اور سینئر سیاستدان مرحوم مخدوم امین فہیم کی وفات پرتعزیت کی جس کے بعد وہاں میڈیا سے گفتگو میں ممتاز علی بھٹو نے کہا کہ مخدوم محمد امین فہیم کے ساتھ زرداری لیگ نے دھوکا کیا۔

شہادت سے پہلے بینظیر بھٹو نے پیپلزپارٹی کی چیئرمین شپ اور مستقبل میں پیپلزپارٹی کی طرف سے پاکستان کے وزیراعظم کیلئے مخدوم امین فہیم کو منتخب کرلیاتھا۔بینظیر کی شہادت کے بعد زرداری نے جھوٹے دستاویزات اور جھوٹا وصیت نامہ لکھ کر مخدوم امین فہیم کو دونوں عہدوں سے محروم کردیا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی نے مخدوم امین فہیم کے ساتھ بے وفائی کی۔ممتاز علی بھٹونے کہا کہ مخدوم امین فہیم بڑے دل اور بڑے دماغ والی پرکشش شخصیت تھے۔

پاکستان کی تاریخ میں ایسے لوگ خوش قسمتی سے پیدا ہوتے ہیں اس موقع پر پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنما خالدملک بھی موجود تھے جنہوں نے مخدوم خاندان سے تعزیت کی۔ممتاز علی بھٹو کے ساتھ انجینئر ایوب شر،غلام مصطفٰی مری،محبوب سالی مسلم لیگ(ن) رہنماتھے۔دوسری جانب پی سی بی کے سابق چیئرمین ذکااشرف نے،کمشنر میرپورخاص شفیق مھیرسر،آزادگلشن سمیت بہت اہم شخصیات نے تعزیتیں کی ، ان کے گھر تعزیت کے لئے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے۔