عوام کو حقوق سے محروم اور مسائل حل نہ کرنیوالوں کو عوام ووٹ سے مستر د کردیں ، سہانے خواب دکھانے اور جھوٹے دعوئے کرنیوالوں کا عوام ووٹ کے ذریعے محاسبہ کریں ،الیکشن کمیشن دعوؤں کی بجائے ٹھپہ مافیا اور جعلی ووٹ کے عمل کو روکنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرئے ،ہمارا نعرہ خدمت سب کیلئے ہے بلا امتیاز عوام کی خدمت ہمارے منشور کا حصہ ہے

سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی نامزد امیدواروں کے وفد سے بات چیت

بدھ 25 نومبر 2015 22:00

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عوام کو حقوق سے محروم اور مسائل حل نہ کرنیوالوں کو عوام ووٹ سے مستر د کردیں ،عوام کے پاس ووٹ کی طاقت سے تبدیلی لانے کا سنہری موقع ہے ،ووٹ کا استعمال درست ہوگا تو خیالی پلاؤ پکانے والوں کا صفایا ہوجائے گا ،سہانے خواب دکھانے اور جھوٹے دعوئے کرنیوالوں کا عوام ووٹ کے ذریعے محاسبہ کریں۔

وہ بدھ کو یہاں اپنی رہائشگا ہ پر شاہ فیصل کالونی ،ملیر ،لانڈی اور کورنگی سے آئے ہوئے نامزد امیدواروں سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے ۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے ،الیکشن کمیشن صرف دعوؤں سے کام چلانے کی بجائے ٹھپہ مافیا اور جعلی ووٹ کے عمل کو روکنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرئے ،عوام پاکستان سنی تحریک کے نامز امیداواروں کوٹیبل لیمپ پر مہرلگاکر کامیاب بنائیں ،ہمارا نعرہ خدمت سب کیلئے ہے بلا امتیاز عوام کی خدمت ہمارے منشور کا حصہ ہے ۔

(جاری ہے)

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ سیاست کو عبادت سمجھ کر کیا جائے تو ملک تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہوگا ،عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی کیلئے پر عزم ہوکر سیاسی میدان میں کام کرنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ سیاست کو جھوٹ مکر فریب بنادیا گیا جو تشویشناک بات ہے ،سیاست عوام کی خدمت اور مسائل حل کرنے کانام ہے ،انہوں نے کہا کہ سنی تحریک کے امیدوارکامیابی کیلئے جدوجہد کریں مگر عوام کی خدمت سے کسی طور بھی پیچھے نہیں ہٹیں،انہوں کا کہنا تھا کہ عوام میں ووٹ کے استعمال کیلئے کارنر میٹنگوں میں سیاسی شعور اجاگر کیا جائے ،ووٹ قومی امانت ہے ووٹ کے ذریعے ہی بہتر لوگوں کو آگے لاکر تبدیلی لائی جاسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :