بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کے معاملے پر مری معاہدے پر عملدرآمد کیلئے لیگی رہنماؤں نے لابنگ شروع کر دی

سابق نگران وزیراعلیٰ صالح محمد بھوتانی کی وزیراعظم کے داماد کیپٹن(ر) صفدر سے اہم ملاقات

بدھ 25 نومبر 2015 21:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے درمیان صوبے کی وزارت اعلیٰ کے معاملے پر مری معاہدے پر عملدرآمد کیلئے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں لابنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ،سابق نگران وزیراعلیٰ اور صوبائی اسمبلی کے رکن صالح محمد بوتانی نے بدھ کو وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور قومی اسمبلی کے رکن کیپٹن(ر) صفدر سے وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی جبکہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر سردار ثناء اﷲ زہری بھی آج اسلام آباد پہنچ جائیں گے اور وہ آئندہ چند روز میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے مری معاہدے کے تحت آئندہ اڑھائی سال کیلئے مسلم لیگ (ن) کا وزیر اعلیٰ منتخب کرانے کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء کو بتایا کہ صالح محمد بوتانی نے کیپٹن(ر) صفدر سے ملاقات کے دوران اس رائے کا اظہار کیا کہ مری معاہدے کے تحت اب وزارت اعلیٰ مسلم لیگ (ن) کا حق ہے اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کو مشاورت کیلئے صوبائی اسمبلی کے ارکان کو ملاقات کا وقت دینا چاہیے۔ صالح محمد بوتانی نے بعد ازاں وفاقی وزیر سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں جبکہ وزارت اعلیٰ کے مضبوط امیدوار سردار ثناء اﷲ زہری بھی (کل) جمعرات کو اسلام آباد پہنچ جائیں گے اور وہ وزیر اعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کریں گے جس میں مری معاہدے کے تحت آئندہ اڑھائی سال کی مدت کیلئے مسلم لیگ (ن) کا وزیر اعلیٰ منتخب کرنے کے معاملے پر مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ابھی تک ڈاکٹر عبدالمالک کی جگہ نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور وہ آئندہ چند روز میں مشاورت کر کے فیصلہ کریں گے

متعلقہ عنوان :