مسلم لیگ(ن) کی حکومت جمہوریت کیخلاف ہونے والی تمام تر سازشوں کے باوجود ملک کو ترقی کے راہ پر گامزن کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے‘وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ایشین ٹائیگر بن جائیگا

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی محمد شاویز خان کاتعمیراتی کاموں کے جائزہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت

بدھ 25 نومبر 2015 21:43

حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء ) مسلم لیگ(ن) کی حکومت جمہوریت کے خلاف ہونے والی تمام تر سازشوں کے باوجود ملک کو ترقی کے راہ پر گامزن کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے اور انشا ء اﷲ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ایشین ٹائیگر بن جائے گا۔حسن ابدال میرا آبائی حلقہ ہے اس کی تعمیر و ترقی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گئے میرا جینا مرنا حلقے کے عوام کے ساتھ ہے مخالفین کی سازشیں مجھے حلقے کے عوام سے دور کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو نگی۔

ان خیالا ت کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایم پی اے و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی محمد شاویز خان نے گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز حسن ابدال کے تعمیراتی کام ا ور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جاری ترقیاتی کام کے جائزہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن مفاد پرست عناصر سے حلقے کی ترقی دیکھی نہیں جا رہی وہ حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف رہتے ہیں تاہم انشا ء اﷲ ان کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

ڈگری کالج کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے متعلقہ افراد کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ تعمیراتی کام کو جلد ازجلد مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی کام کے معیار کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے کیونکہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حسن ابدال اور فتح جنگ میں کئی ترقیاتی منصونے شروع ہو چکے ہیں جبکہ بیشمار منصوبے پائپ لائن میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبے مکمل ہونے کے بعد حسن ابدال اور فتح جنگ کا شمارسہولیات میں بڑے شہروں کے برابر ہوجائے گا۔ ڈگری کالج کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے بعد ایم پی اے محمد شاویز خان نے ٹی ایچ کیو ہسپتال حسن ابدال کا بھی دوراہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کام کا جائزہ کیا۔