ملک کے ممتاز شاعر ،دانشور ،ادیب و کالم نگار جمیل الدین عالی کی علم و ادب کیلئے خدمات نا قابل فراموش ہیں ،ان کی وفات سے علم کا ایک باب بند ہو گیا‘رائٹرز کونسل پاکستان کے صدر زین اے صدیقی

بدھ 25 نومبر 2015 21:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء) رائٹرز کونسل پاکستان کے صدر زین اے صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کے ممتاز شاعر ،دانشور ،ادیب و کالم نگار جمیل الدین عالی کی علم و ادب کیلئے خدمات نا قابل فراموش ہیں ،ان کی وفات سے علم کا ایک باب بند ہو گیا لیکن ان کی چھوڑی ہوئی روشنی آنے والی نسلوں کے ذہنوں کو منور کر تی رہے گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کوجمیل الدین عالی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

اجلاس میں جنر ل سیکریٹری ارشد مجید بدر ،غیور احمد خان ،یاسمین صدیقی ،ضیا الرحمن غیور و دیگر نے شرکت کی۔زین اے صدیقی نے جمیل الدین عالی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جمیل الدین عالی نے ملک میں علم وادب کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں ،انہوں نے پوری زندگی علم وادب کی خدمت میں گزاری وہ پاکستان سے سچی محبت کرتے تھے جس کے اظہار کیلئے انہوں نے قومی ترانے لکھے ،ان کی علمی ادبی خدمات ملک کیلئے سنہری باب کی حیثیت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

ارشد مجید بدر نے کہا کہ نے کہا کہ جمیل الدین عا لی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اجلاس میں جمیل الدین عالی کے اہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے مر حوم کی مغفرت، بلند درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :