آصف زرداری کاتربیتی طیارے کے حادثہ میں شہید ہونیوالی خاتون کے لواحقین سے اظہارافسوس

بدھ 25 نومبر 2015 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری منگل کے روز پاکستان ایئرفورس کے ایک تربیتی جہاز کے میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہونے پر سخت رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان ائرفورس کا ایک تربیتی جہاز میں پرواز کے دوران ایمرجنسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

اسکواڈرن لیڈر ثاقب عباسی اور فلائنگ افسر مریم مختار نے شہری آبادی کو بچایا لیکن بدقسمتی سے جہاز گر کر تباہ ہوگیا جس میں دونوں پائلٹ شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں فلائنگ افسر مریم مختار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئیں۔ آصف علی زرداری نے فلائنگ افسر مریم مختار کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے شہریوں کی جان کی حفاظت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے مریم مختار کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے اسکواڈرن لیڈر ثاقب عباسی کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔