جانکی دیوی ہسپتال سے منسلک اراضی کے قبضہ کے حوالے سے پولیس اور ہسپتال انتظامیہ میں جاری تنازعہ حل نہ ہوسکا

پولیس کا ہسپتال کے خارجی گیٹ پر کیمپ قائم ہسپتال کا راستہ بند ہسپتال میں خوف و ہراس اور سناٹے کی فضا پید ا ہوگئی

بدھ 25 نومبر 2015 20:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء ) جانکی دیوی جمعیت سنگھ میٹرینٹی ہسپتال سے منسلک اراضی کے قبضہ کے حوالے سے لاہور پولیس اور ہسپتال انتظامیہ میں جاری تنازعہ سات روز گزرنے کے باوجود بھی جاری ، ہسپتال انتظامیہ اور لاہور پولیس کے درمیان جاری کشیدگی کا اب تک کوئی حل نہ نکل سکا۔ لاہور پولیس کا ہسپتال کے خارجی گیٹ پراپنا کیمپ قائم کر کے ہسپتال کا راستہ بند کرنے اور دن رات با وردی جوان تعینات کرنے سے ہسپتال میں خوف و ہراس اور سناٹے کی فضا پید ا ہو چکی ہے۔

علاج ومعالج کیلئے آئی خواتین مریض دیگر ہسپتال میں شفٹ ہو گئی ہیں اور بیڈز بھی خالی ہو گئے ہیں جبکہ آوٹ دوڑ میں بھی چیک آپ کیلئے مریض آنے کو تیا ر نہیں جسکی وجہ سے ڈاکٹرز اور لیڈیز عملہ پریشانی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بورڈ کے سیکرٹری اکرام الحق نے جانکی دیوی ہسپتال کا دورہ کیا اورہسپتال کے حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ نے ملازمین و عملہ سے گفتگو کرتے ہوئے یہ امید ظاہر کی ہے کہ ہسپتال کے معاملات جلداپنے معمول پر آجائیں گے۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک فلاحی ادارہ ہے جو دن رات عوام اور غریب خواتین کے میٹرینٹی و دیگر نسوانی مسائل کے حل کیلئے مصروف عمل ہے اس لیے ہم اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہیں وہ ان معاملات کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے اسکا مستقل حل نکالیں تاکہ عملہ اور انتظامیہ چین کی نیند سو اور سکھ کا سانس لیکر فلاحی خدمت انجام دے سکیں۔مزید براں عدالت عالیہ لاہورکے رو برو ان معاملات پر قانونی چارہ جوئی کی روشنی میں پولیس کے قبضہ کے خلاف حکم امتناحی بھی جاری ہو چکا ہے جس کی تصدیق بورڈ کے ایڈیشنل لیگل ایڈوائزر ناصر احمد اعوان نے کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :