پولیس کی جانب سے انسداد دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد 13 ماہ کے بچے کو والد نے گود میں اٹھا کر عدالت میں پیش کردیا

عدالت کامعصوم بچے پر مقدمہ درج کرنے پر سخت برہمی کا اظہار ،مقدمے سے 13 ماہ کے بچے کا نام فوری خارج کرنے کا حکم

بدھ 25 نومبر 2015 20:17

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) پنجاب پولیس کی جانب سے انسداد دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد 13 ماہ کے بچے کو عدالت میں پیش کردیا گیا،عدالت نے معصوم بچے پر مقدمہ درج کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مقدمے سے 13 ماہ کے بچے کا نام فوری خارج کرنے کا حکم دیدیا ۔گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج خواجہ ظفر اقبال کے سامنے پیشی کے لیے ننھے اقدس خالد کو اس کاوالد محمد خالد گود میں اٹھا کر پیش ہوا۔

13 ماہ کے اقدس پر الزام ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 19 نومبر کو اس نے ساتھیوں کے ہمراہ شیخوپورہ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی، ووٹرز پر تشدد کیا، پولنگ افسر پر حملہ کیا اور پولنگ بکس لے جانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

13ماہ کے اقدس کے والد خالد منظور کے مطابق شیخوپورہ میں کوٹ پنڈی داس میں پولنگ کے دوران مختلف افراد پر پولیس کی جانب سے مقدمات درج کیے گئے جن میں ان کے بچے کو بھی شامل کیا گیا۔

جب انہوں نے اپنے بیٹے اقدس پر مقدمے کے اندراج کا سنا تو انہیں حیرت ہوئی کہ 13 ماہ کا بچہ کیسے دہشت گردی میں ملوث ہو گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مقدمے کے مطابق اقدس پر الزام ہے کہ اس نے انتخابات کے دوران لوگوں کو ڈنڈے مارے جبکہ بیلٹ بکس چھیننے کی بھی کوشش کی۔خالد نے مزید کہا کہ اقدس پر پولیس پر بھی حملے کا الزام ہے۔انہوں نے اقدس کی ضمانت کی درخواست جمع کروانے کی بھی تصدیق کی۔

نجی ٹی وی کے مطابق عدالت کے جج نے پولیس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر مقدمے سے 13 ماہ کے اقدس کا نام خارج کرنے کے احکامات جاری کیے۔تفتیشی افسر کو یہ حکم بھی جاری کیا گیا کہ مقدمے سے دیگر بے گناہ افراد کے نام بھی نکالے جائیں۔عدالت نے مقدمے میں نامزد 2 ملزمان کو 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔اس موقع پر پولیس نے اپنے موقف میں غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس بچے کا مقدمے سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اصل ملزم اقدس کوئی اور ہے جسے آئندہ سماعت پر پیش کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں 19 نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران شیخوپورہ میں پولنگ اسٹیشن پر گھس کر توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں 13 ماہ کے اقدس کا نام بھی شامل کر لیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :