رکن قومی اسمبلی کا تحصیل ٹل اور کربوغہ شریف کے لئے کروڑوں روپے کی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

میرا جینا مرنا ہنگو کے عوام کے ساتھ ہوگا،پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتی ہے ،مخالفین پروپیگنڈے کی سیاست چھوڑ دیں اور ہنگو کی ترقی اور خوشحالی کے لئے متحد ہو جائیں،حاجی خیال زمان

بدھ 25 نومبر 2015 20:12

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) ممبر قومی اسمبلی حاجی خیال زمان اورکزئی کا تحصیل ٹل اور کربوغہ شریف کے لئے کروڑوں روپے کی ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات،میرا جینا مرنا ہنگو کے عوام کے ساتھ ہوگا، موجودہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتی ہے،مخالفین پروپیگنڈے کی سیاست چھوڑ دیں اور ہنگو کی ترقی اور خوشحالی کے لئے متحد ہو جائیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء اور ممبر قومی اسمبلی حاجی خیال زمان اورکزئی نے تحصیل ٹل اور کربوغہ شریف میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف گلی کوچوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کربوغہ شریف اور تحصیل ٹل کے لئے کرروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کئے جس میں تحصیل ٹل میں سپورٹس سٹیڈیم کے لئے ایک کروڑ 46لاکھ،کربوغہ شریف واٹر سپلائی کے لئے50لاکھ،درشی روڈ کے لئے 80لاکھ روپے شامل ہے۔

اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے حاجی خیال زمان اورکزئی نے کہا کہ درشی سے کربوغہ شریف گھر گھر تک جلد گیس پائپ لائن بچھایا جائے گا۔ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی پورے ملک میں تبدیلی لانے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع ہنگو میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں اسی طرح خیبر پختونخواہ میں بھی بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت گلی کوچوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے بعد اختیارات نچھلی سطح پر منتقل کر دئیے ہیں جس سے عوامی مسائل با آسانی حل ہو سکیں گے۔اجتماعات سے یونین کونسل کربوغہ شریف سے پاکستان تحریک انصاف کے ڈسٹرکٹ ممبر فرید الدین ،تحصیل ممبر حافظ سلطان،میکائیل سمیت دیگر پی ٹی آئی کے رہنماء اور علاقہ مشران نے بھی خطاب کیا۔اجتماعات کے بعد ممبر قومی اسمبلی حاجی خیال زمان اورکزئی نے ٹل فیڈر،ڈگری کالج ٹیوب ویل بوسیدہ پائپ لائن،پانی کی ترسیل سمیت مختلف مکمل شدہ ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا اور زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ۔