قومی اسمبلی نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی

حکومت خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ٗ قرارداد میں مطالبہ

بدھ 25 نومبر 2015 20:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) قومی اسمبلی نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی ہے جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر زاہد حامد نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن منانے کو سراہتا ہے اور اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ خواتین کے خلاف امتیازی سلوک ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

یہ ایوان حکومت پر زور دیتا ہے کہ خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ ان واقعات کے اثرات آئندہ نسلوں پر بھی پڑتے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قرارداد میں پاکستان کا ذکر ہی نہیں ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ ہزاریہ ترقیاتی اہداف ملک کے لئے الگ الگ تھے‘ عالمی سطح پر جب بھی بات ہوتی ہے وہ اجتماعی ہوتی ہے۔ قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے قرارداد کی منظوری دے دی۔ پی ٹی آئی کے ارکان نے قرارداد کی مخالفت کی۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا کہ قرارداد پیش کرنے سے پہلے اپوزیشن ارکان کو قرارداد کا مسودہ دکھا دینا چاہیے۔