سرمایہ دار طبقہ مزدوروں کوان کاجائز حق بھی دینے کوتیار نہیں‘میاں مقصود احمد

محنت کشوں کوعزت دی جانی چاہئے یہ ہماراقیمتی سرمایہ ہیں‘امیر جماعت اسلامی پنجا ب کی وفد سے گفتگو

بدھ 25 نومبر 2015 20:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء ) پاکستان کے اندر ہر قسم کے قوانین ہونے کے باوجود محنت کش اور مزدور کودیوار کے ساتھ لگایاجارہا ہے،سرمایہ دار طبقہ مزدوروں کوان کاحق دینے پر تیار نہیں،اخلاقی بگاڑآخری حدوں کوچھورہا ہے۔ان خیالات کا اظہارامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے گزشتہ روزمنصورہ میں نیشنل لیبرفیڈریشن کے مرکزی صدر رانا محمود علی خان کی زیر صدارت وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ملک عبد العزیز،ڈاکٹر عمر سعود،محمد امین منہاس بھی موجود تھے۔امیر صوبہ میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پاکستان میں سرمایہ دارانہ نظام فروغ پارہا ہے۔ان حالات میں مزدوروں کی مکمل رہنمائی صرف نیشنل لیبرفیڈریشن ہی کررہی ہے جوکہ ملک کے طول وعرض میں اپنا وجود رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

حق کے ساتھ ایثار وقربانی دینے والی ٹیم ہی مزدوروں کودرپیش مسائل کو حل کرسکتی ہے۔

مزدور طبقہ کسی بھی ملک کی تعمیروترقی میں اہم کردار اداکرتا ہے۔الحمدﷲ پاکستان کی افرادی قوت دنیا بھر میں مشہور ہے۔پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔اس میں ضروری ہے کہ معاشی اور فنی مسائل کے حل کے لئے اصلاح واحوال اور ایک اچھے خدمتگار جذبہ کے ساتھ فیڈریشن سرگرم عمل ہے۔مالک اور مزدورکے مابین اعتماد کے رشتہ کوقائم کیاجاناچاہئے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ مجھے امید ہے کہ رانا محمود علی خان کی سرکردگی میں ان کی ٹیم شب وروزمحنت سے اپنے تمام اہداف حاصل کرلیں گے۔

این ایل ایف کی جدوجہد کے نتیجے میں جہاں مزدوروں کے مسائل حل ہورہے ہیں وہاں دوسری طرف مالکان کے ساتھ مزدوروں کااعتماد بحال ہواہے۔گاڑی کے دوپہیہ یک منزل ہوکر چلیں گے تو گاڑی درست سمت چلے گی اور اس کے نتیجے میں ملک کی معیشت بہتر ہوگی۔رانامحمود علی خان نے اس موقع پر کہاکہ مزدوروں کومناسب روزگار ملنا چاہئے۔معاشرے میں محنت کشوں کوعزت دی جانی چاہئے یہ ہمارے ملک کاقیمتی سرمایہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :