حکومت بنیادی سہولیات کی فراہمی ،انڈسٹریل زون کو ترجیح دے تو ایک لاکھ بیروز گار نوجوانوں کو روز گار کے مواقع میسر آسکیں گے ،جمال تر کئی

حکومت خسارے سے دوچار صنعتوں کو پٹڑی پر لانے کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج دے،انڈسٹریز کو گیس فراہمی ممکن بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے چاہئیں، صدر بلوچستان ایوان صنعت وتجارت

بدھ 25 نومبر 2015 20:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء ) ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر جمال ترہ کئی نے کوئٹہ انڈسٹریل زون اور صنعت کاروں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انڈسٹریل زون کو ترجیح دے تو ایک لاکھ بے روز گار نوجوانوں کو روز گار کے مواقع میسر آسکیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر آف کامرس کوئٹہ بلوچستان انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر ناصر آغا ڈاکٹر داد محمد شاہ اور دیگر عہدیداروں کیساتھ منعقدہ اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا اجلاس میں چیمبر آف کامرس کے نائب صدر سمیع بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے اجلاس کے دوران چیمبر آف کامرس اور بلوچستان انڈسٹریل ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبہ بھر میں انڈسٹریز کو درپیش مسائل اور مشکلات پر غور و خوص کیا گیا اور ان کی تفصیلاً نشاندہی کی گئی اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کوئٹہ انڈسٹریل زون اور صوبے کے دیگر اضلاع میں واقع صنعتوں کو ترقی دینے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور وہاں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر کرے اجلاس کے دوران بینکوں کی جانب سے بلوچستان کو بلاوجہ ریڈ زون قرار دیکر صنعت کاروں اور تجارت سے وابستہ افراد کو قرضوں کے اجراء نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ خسارے سے دوچار صنعتوں کو پٹڑی پر لانے کیلئے خصوصی ریلیف پیکج دے تاکہ صنعت کاری کو تباہ ہونے سے بچایا جاسکے بلوچستان انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے انڈسٹریل زون میں بنیادی صحت کی سہولیات صاف پینے کے پانی سیکورٹی اور دیگر سہولیات بھی نہ ہونے کے متعلق بھی چیمبرآف کامرس کے صدر جمال ترہ کئی نائب صدر سمیع بلوچ کو آگاہ کیا اور کہاکہ لیبر کالونی نہ ہونے کی وجہ سے کام کرنیوالے مزدوروں کو رہائشی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے کہاکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ انڈسٹریز کو گیس کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں تاکہ صنعتیں چلائی جاسکیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس کے صدر جمال ترہ کئی نے کہاکہ اگر حکومت انڈسٹریل زون کوئٹہ اور صوبے میں قائم صنعتوں کو ترجیحی دے تو ان کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے تو صوبے کے ایک لاکھ بے روز گار نوجوانوں کو روز گار کی فراہمی ممکن ہوسکے گی ایسا ہوگا تو امن و امان کی صورتحال میں بھی بہتری آئیگی اور لوگ معاشی طور پر خوشحال ہونگے انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر انڈسٹریز کی صورتحال میں بہتری اور ترقی کیلئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو چیمبر آف کامرس صنعت کاروں کیساتھ ملکر احتجاج کی راہ اپنائیگی جس میں انڈسٹریز کی غیر معینہ مدت تک بندش اور دیگر آپشنز کا استعمال بھی کیا جائیگا انہوں نے کہاکہ اس دوران فلور ملز کو بھی بند رکھنے کا آپشن استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم ہمیں موجودہ حکومت سے انڈسٹریل زون کی بہتری اور وہاں ترقیاتی کاموں کو شروع کرنے کی قوی امید ہے اس سے صوبے کی معاشی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ہمیں احتجاج کا کوئی شوق نہیں تاہم مجبوری کے باعث اس کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :