اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے فوج کی تعیناتی کیلئے وزارت دفاع اور رینجرز کیلئے وزارت دفاع کو خط لکھ دیا

الیکشن کمیشن نے تیس نومبر کووفاقی دارالحکومت میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے روز تعطیل کے لئے بھی درخواست لکھ دی

بدھ 25 نومبر 2015 17:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابا ت کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن نے فوج کی تعیناتی کے لیے وزارت دفاع کو خط لکھ دیا۔انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات کی جائے گی۔توقع ہے کہ انتخابات کے دوران پاک فوج کی ایک بٹالین تعینات کی جائے گی۔

پاک فوج کے جوان باسٹھ عمارتوں پر فرائض سرانجام دیں گے، باسٹھ عمارتوں میں ایک سو بارہ پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے رینجرز کی تعیناتی کے لیے بھی وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔رینجرز کے چھ سو سے زائد جوان تعینات کیے جائیں گے۔ تمام پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہو گی۔الیکشن کمیشن نے تیس نومبر کووفاقی دارالحکومت میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے روز تعطیل کے لئے بھی درخواست لکھی ہے، ادھر وفاقی دالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو انتخابی عملے کی کمی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے ملازمین تعینات کر کے عملے کی کمی پوری کی۔الیکشن کمیشن نے اپنے ہی پینسٹھ ملازمین پریذائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران تعینات کر دیے، متعدد اداروں نے الیکشن کمیشن کو ڈیمانڈ سے کم ملازمین دیے۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی سے بھی انتخابات کے لیے ملازمین مانگے گئے۔الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے چھ سرکاری اداروں کے افسران کو طلب کر کے ذمہ داری کا احساس دلایا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام ادارے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں۔الیکشن کمیشن کو اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے چھ سو چالیس پریذائیڈنگ افسران درکار تھے۔الیکشن کمیشن کو چھ ہزار چار سو اڑسٹھ اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران سمیت دیگر امور کے لیے نو ہزار باون ملازمین بھی درکار تھے۔