گیس پر یو ایف جی بڑھانے سے25ارب کا بوجھ تشویشناک ہے‘خادم حسین

گیس کی قیمتوں میں حال ہی میں اضافہ کے بعد دوبارہ اضافہ انڈسٹریز کو بحران میں مبتلا کردے گا‘ایگز یکٹو ممبر لاہور چیمبر

بدھ 25 نومبر 2015 17:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء ) ممتازتاجر رہنما وفیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر خادم حسین ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے اوگرا کی جانب سے گیس صارفین سے ان کاؤنٹڈ فار گیس(یو ایف جی ) میں ڈھائی فیصد اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس پر یو ایف جی بڑھانے سے صارفین پر25ارب کا بوجھ زیادہ تر سوئی گیس استعمال کرنے والے صنعتی صارفین پر پڑے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ گیس کمپنیاں گیس کی چوری روکنے میں ناکام رہی ہیں اور جو صارفین ایمانداری سے گیس کے بل باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں انہیں گیس چوری کی سزا کے طور پر ان کے بلوں میں یو ایف جی جو پہلے ہی ساڑھے چار فیصد وصول کیا جارہاتھا اب اس میں ڈھائی فیصد اضافہ کرکے عوام پر ناجائز طور پر بوجھ ڈالا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

خادم حسین نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی ایما پرعوام پر40ارب کے ٹیکس کا نفاذ مختلف طریقوں سے کر رہی ہے جن میں پہلے ہی سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا اب پھر دوبارہ یو ایف جی کے نام پر اضافہ گیس سے چلنے والی انڈسٹریز کو بحران میں مبتلا کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے انڈسٹریز کی پیداواری لاگت بڑھے گی اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ مہنگی پیداوار کے باعث پاکستانی برآمدات بھی متاثر ہونگی جو پہلے ہی گراوٹ کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف مدوں میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے گیس کی چوری کو روکے تو گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی ضرورت ہی نہ رہے گی اور گیس کمپنیوں کا خسارہ بھی ختم ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :