صوابی میں کنسٹرکشن مشینری ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

بدھ 25 نومبر 2015 17:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء)صوابی میں کنسٹرکشن مشینری ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ سید امتیاز حسین گیلانی‘ ڈی سی صوابی مطیع اللہ خان‘ سپیشل سیکرٹری روح اللہ خان اور ظفر اللہ خان برینز کالج کے علاوہ دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے اجلاس میں صوابی میں کنسٹرکشن مشینری ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام کے بارے میں مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ علاقے میں تعمیراتی مشینری کے تربیتی ادارے اور انجینئرنگ یونیورسٹی کا قیام انتہائی ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت دی کہ ان اداروں کے قیام کیلئے تمامتر طریقہ پوری دیانت سے اختیار کیا جائے تاہم اس بارے میں وقت کے ضیاع اور غیر ضروری سرخ فیتے کے چکر کو بچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کے تعمیراتی اور ٹھوس کاموں کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں انہوں نے کہا کہ یہ دونوں منصوبے مستقبل کی قوم کا مستقبل سنوارنے کیلئے ہیں اور ان کے لئے تمامتر محکمے اپنی بھر پور صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

اجلاس میں تحریک حکام نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو یقین دلایا کہ وہ ان کی ہدایات کے مطابق ان منصوبوں کو جلد از جلد عملی شکل دینے کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔