صوبے کی معاشی ترقی ،بیروزگاری کے خاتمے کیلئے صنعتکاروں ،محنت کشوں کے بہتر روابط کیلئے عملی اقدامات کرونگی،انیسہ زیب

خیبرپختونخوا اور عوام کے مفاد کیلئے دونوں لازم و ملزوم ہیں ، وزیر محنت خیبرپختونخوا

بدھ 25 نومبر 2015 16:46

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) صوبہ خیبر پختونخوا کی وزیر محنت اور قومی وطن پارٹی کی رہنما انیسہ زیب نے کہا ہے کہ صوبے کی معاشی ترقی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے صنعتکاروں اور محنت کشوں کے بہتر روابط اور تعلقات بحال کرنے کے لئے عملی اقدامات کرونگی۔ کیونکہ صوبے اور عوام کے مفاد کے لئے دونوں لازم و ملزوم ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں فلپ مورس کمپنی کے سی بی اے یونین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

جس میں کمپنی کے صدر ابرار اللہ، جنرل سیکرٹری حسین احمد قریشی، وصال خان اور ملک زادہ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ فلپ مورس کمپنی کے انتظامیہ نے 163مزدوروں کو وزیر محنت، لیبر ڈیپارٹمنٹ اور سی بی اے یونین کو ملازمین فارغ کر نے کے بارے میں مکمل طور پر با خبر رکھنے کی بجائے اسے نظر انداز کر دیاجو لیبر لاء کے سراسر خلاف ورزی اور غیر قانونی عمل ہے جب تک کمپنی ہمارے جائز اور قانونی مطالبات مان کر ورکروں کو بحال نہیں کر تی تب تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی بی اے یونین نے منیجمنٹ کا 163ورکروں کے فارغ کرنے کے فیصلے کے خلاف نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن ( این آئی آر سی) سے حکم امتناع حاصل کیا جو کہ ورکرز کے لئے بڑی جیت ہے ملاقات میں ڈائریکٹر لیبر عرفان اللہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر مفتی ناصر بھی موجود تھے۔ جنہوں نے صوبائی وزیر کو لیبر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی صوبائی وزیر انیسہ زیب نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ فلپ مورس منیجمنٹ اور سی بی اے یونین کے مابین ورکروں کو بے روزگار کر نے کے حوالے سے درپیش مسئلہ جلد از جلد حل کروائیں۔

اور میں خود اس مسئلے کی نگرانی کرونگی کیونکہ ایک طرف صوبے کی معاشی ترقی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے صنعتکارنہایت اہم ہیں تو دوسری طرف محنت کشوں کو روزگار بھی ان کی زندگی کے لئے ضروری ہے۔ اور دونوں کے مابین انصاف کی بنیاد پر مسئلے کا حل ہونا چاہئے ورکروں کی بحالی میں اپنا کر دار ادا کرونگی۔ لیبر ڈائریکٹر عرفان اللہ نے اس موقع پر کہا کہ فلپ مورس کمپنی منیجمنٹ اور سی بی اے یونین کے مابین جلد باضابطہ دو طرفہ مذاکرات کراؤنگی تاکہ دونوں کے مابین پیدا شدہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :