عوام کو زندگی کی بنیاد ی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہے ہیں،مظفرسید ایڈووکیٹ

بدھ 25 نومبر 2015 16:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو زندگی کی بنیاد ی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہی ہے لہذا یہی وجہ ہے کہ صوبے کے پسماندہ اور دور دراز اضلاع کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ اوقات کے اندر مکمل کرنے کی خاطر شب و روز کوششیں جاری ہیں تاکہ تعلیم۔

صحت، مواصلات اور بجلی کی سہولیات تک عوام کی رسائی کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے یہ بات بدھ کے روز چیف ایگزیکٹیو پیسکو سے ان کے دفترپشاور میں ایک ملاقات کے دوران کہی۔ صوبائی وزیر نے چیف ایگزیکٹیو پیسکو سے اپنے حلقہ پی کے 94-لوئر دیر میں بجلی کی فراہمی کے منصوبوں سے متعلق اب تک کی صورت حال کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور ان منصوبوں پر عمل درآمد کی راہ میں حائل بعض رکاوٹوں کی نشاندہی کی اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

مظفر سید نے پی کے 94-لوئر دیر میں پیسکو کے ذمہ بقایا جات کی جانچ پڑتال کا حوالہ دیتے ہوئے اس سلسلے میں انکوائری کرانے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ پیسکو کے ذمہ واجب الادا سابقہ بقایا جات کو کام میں لا کر بجلی کی زیادہ سے زیادہ ترسیل کو ممکن بنایا جا سکے۔چیف اگزیکٹیو پیسکو نے اس ضمن میں صوبائی وزیر کو یقین دلایا کہ ان ہدایات کی روشنی میں تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائینگی اور جہاں کہیں بھی سامان یا تکنیکی عملہ کی معاونت کی ضرورت محسوس ہوئی وہ اس ضمن میں صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔اس موقع پر شاد نواز ناظم یونین کونسل اور حکیم خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔