صوبے کو مرکز سے اپنے جائز آئینی حقوق ووسائل کی حصول کو ہر صورت یقینی بنائینگے،سکندرحیات شیر پاؤ

بدھ 25 نومبر 2015 16:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ ہمیں صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی عزیز ہے اور اس پسماندہ صوبے کو مرکز سے اپنے جائز آئینی حقوق اور وسائل میں حصہ دلا کر پختونوں کے احساس محرومی کو دور کریں گے۔وہ شیر پاؤ چارسدہ میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے جس کے دوران سرڈھیری چارسدہ سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی شخصیات جن میں غفر علی،عبدالرحمان،شمشیر علی،شیر محمد،جاوید ،عالمزیب،محمد اقبال،جہانگیر،محمدشیر،سیف اللہ اور دیگر نے درجنوں ساتھیوں سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی وطن پارٹی پی کے۔17کے آرگنائزر حاجی فرمان اور سابق ناظم رجڑ۔2مومن خان اور طارق خان بھی موجود تھے۔ سینئر وزیرے کہاکہ اگر مرکزی حکومت نے اس صوبے کو اپنے جائز حقوق اور میگا پراجیکٹس میں حصہ دیا ہوتا توآج یہاں کے عوام کولوڈشیڈنگ کے اذیت ناک عذاب سے گزرنا پڑتا اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولیات زندگی سے محروم ہوتے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں عوامی مسائل کا ادراک ہے اور دستیاب وسائل کے اندر رہ کر انہیں حل کرکے عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ صوبائی حقوق اور عوامی مفادات کے تحفظ کے ضمن میں کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔دریں اثناء شیر پاؤمیں خواتین کونسلرز کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت خواتین کو با اختیار بنانے اور انہیں درپیش مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہ بھی مردوں کے شانہ بشانہ صوبے کی ترقی میں اپناکردار اداکر سکیں۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں خواتین کی شمولیت اور انتخاب ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے خواتین کو سیاسی میدان میں مقامی سطح پر نمائندگی مل کر انکے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی۔