حکومت اور قومی اداروں پر جھوٹ ،فریب اور بدنیتی پر مبنی تنقید اور بے معنی الزامات کی سیاست ختم ہونی چاہئے،صدر

بدھ 25 نومبر 2015 16:34

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت اور قومی اداروں پر جھوٹ ،فریب اور بدنیتی پر مبنی تنقید اور بے معنی الزامات کی سیاست ختم ہونی چاہئے تاکہ ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا جاسکے۔صدر مملکت نے یہ بات فیصل آباد میں پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایکسپورٹ ایکسیلینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے اس موقع پر برآمد کنندگان میں ایوراڈ بھی تقسیم کیے جن میں فیصل آباد چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز،ایف پی سی سی آئی کے صدرمیاں محمد ادریس اور فیصل آباد کے دیگر صنعت کار شامل تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں توانائی کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ایل این جی کی درآمد کا فیصلہ اللہ کی نعمت کی حیثیت رکھتا ہے، ا س سلسلے میں کی جانے والی تنقید بے معنی اور الزامات مکمل طور پر غلط ہیں۔

اسی طرح نندی پور منصوبے میں بھی ایک پیسے کی بددیانتی نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ جو لوگ خود کچھ نہیں کرتے ،

وہ دوسروں کو بھی کام کرنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں ، یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ بعض لوگوں نے ان کی ذات پر بھی بے سروپا الزامات لگائے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں درست ہیں اور وہ قومی مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی او راخلاص کے ساتھ کام کررہی ہے ، پوری قوم اور خاص طور پر تاجروں کو اس سلسلے میں حکومت کا ساتھ دینا چاہئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ عوام حکومت کا ساتھ دیں ، ٹیکس کلچر کو فروغ دیا جائے اور بجلی کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کے لیے طرز زندگی میں بنیادی تبدیلیاں لائی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ کاروباری برادری بہت دانش مند ہوتی ہے، اس سلسلے میں اسے پہل کرنی چاہئے تاکہ ملک کے مسائل حل ہوسکیں۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل کی صنعت کی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے بہترین پالیسیاں بنائی ہیں صنعت کاروں اور برآمدکنندگان کو ان سے فائدہ اٹھا نا چاہئے اور اپنی مصنوعات کی برآمد کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنی چاہئیں۔

انھوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت قومی معیشت کے انتہائی اہم ستون کی حیثیت رکھتی ہے جو نہ صرف اس ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ کے حصول کا ذریعہ ہے بلکہ یہ صنعت وسیع پیمانے پر لوگوں کو روز گار بھی فراہم کررہی ہے۔حکومت اس صنعت کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے۔تقریب سے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئر میں اصغر علی خان اور گروپ لیڈر احمد کمال نے بھی خطاب کیا۔