حکومت اور قومی اداروں پر جھوٹ ،فریب اور بدنیتی پر مبنی تنقید اور بے معنی الزامات کی سیاست ختم ہونی چاہئے، ملک میں توانائی کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ایل این جی کی درآمد کا فیصلہ نعمت کی حیثیت رکھتا ہے،

صدر مملکت ممنون حسین کا پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایکسپورٹ ایکسیلینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب

بدھ 25 نومبر 2015 16:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت اور قومی اداروں پر جھوٹ ،فریب اور بدنیتی پر مبنی تنقید اور بے معنی الزامات کی سیاست ختم ہونی چاہئے، ملک میں توانائی کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ایل این جی کی درآمد کا فیصلہ نعمت کی حیثیت رکھتا ہے، ا س سلسلے میں کی جانے والی تنقید بے معنی اور الزامات مکمل طور پر غلط ہیں،نندی پور منصوبے میں ایک پیسے کی بددیانتی نہیں ہوئی، جو لوگ خود کچھ نہیں کرتے ،وہ دوسروں کو بھی کام کرنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں، موجودہ حکومت کی پالیسیاں درست ہیں اور وہ قومی مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی او راخلاص کے ساتھ کام کررہی ہے ، پوری قوم اور خاص طور پر تاجروں کو اس سلسلے میں حکومت کا ساتھ دینا چاہئے، پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ عوام حکومت کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

وہ فیصل آباد میں پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایکسپورٹ ایکسیلینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔تقریب میں گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے اس موقع پر برآمد کنندگان میں ایوراڈ بھی تقسیم کیے جن میں فیصل آباد چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز،ایف پی سی سی آئی کے صدرمیاں محمد ادریس اور فیصل آباد کے دیگر صنعت کار شامل تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں توانائی کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ایل این جی کی درآمد کا فیصلہ اللہ کی نعمت کی حیثیت رکھتا ہے، ا س سلسلے میں کی جانے والی تنقید بے معنی اور الزامات مکمل طور پر غلط ہیں۔اسی طرح نندی پور منصوبے میں بھی ایک پیسے کی بددیانتی نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ جو لوگ خود کچھ نہیں کرتے ،وہ دوسروں کو بھی کام کرنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں ، یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے