وزارت داخلہ نے 31 دسمبر تک اسلحہ لائسنسوں کی تصدیق کی ڈیڈ لائن مقرر کردی

بدھ 25 نومبر 2015 14:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 نومبر۔2015ء) وزارت داخلہ نے 31 دسمبر تک اسلحہ لائسنسوں کی تصدیق کی ڈیڈ لائن مقرر کردی جبکہ وزارت داخلہ کے ریکارڈروم میں آتشزدگی سے تین لاکھ سے زائد کاپیوں کا ریکارڈ ضائع ہونے پر لائسنس ہولڈرز کو خواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،لائسنس ہولڈرز کے پاس موجود اسلحہ کی تصدیق نہ ہونے پر ان کیخلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق نادر میں اسلحہ لائسنسوں کی منتقلی اور پرانے لائسنس کو بھی کارڈ کی صورت میں منتقل کروانے کے سخت و واضح احکامات کے باوجود ابھی تک سال1969ء سے تین لاکھ اسلحہ لائسنس ہولڈرز یا وراثتی لائسنس کے خواہشمند وزارت داخلہ میں ان کے لائسنس کا ریکارڈ نہ ملنے کے باعث خوار ہو رہے ہیں اور انہیں ڈر ہے کہ 31دسمبر تک اسلحہ لائسنس کی تصدیق و تجدید نہ ہونے کے باعث ان کے خلاف غیر قانونی ا سلحہ رکھنے کے ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ایسے اسلحہ لائسنس کی تعداد تین لاکھ سے بھی زائد ہے جن میں زیادہ تر اسلحہ ممنوعہ بور ہے ، نادرا کو لائسنس کے حوالے سے ذمہ داری سونپے جانے کے بعد 31مئی سال2015ء میں لائسنس کمپیوٹرائزڈ نہ کروانے والے لائسنس اور1995ء میں جاری ہونیوالے لائسنس ہولڈرز نے اپنے وراثتی لائسنس بھی نادرا سے کمپیوٹرائزڈ کروانے کی کوشش کی یکن ان کا ریکارڈ نہ مل سکا ۔

ذرائع بتایا کہ ان کا ریکارڈ شہید ملت سیکرٹریٹ میں لگنے والی آگ میں ضائع ہو چکا ہے ۔ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر وہ اپنے لائسنس کی تجدید کروانا چاہتے ہیں تو کسی ممبر پارلیمنٹ کا کوٹہ لیٹر لے آئیں ۔اس حوالے سے لائسنس ہولڈرز نے علاقے کے ڈی سی او اور ڈاک خانہ کا ریکارڈ بھی حوالہ کردیا لیکن پچھلا دفتر ریکارڈ میں ایک بھی کاغذ نہ ہونے کے باعث اس بات کا تعین نہیں کیا جاسکتا کہ یہ اسلحہ لائسنس جعلی ہے یا اصلی ہے ۔

متعلقہ عنوان :