وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا لاہور میں ڈبل ڈیکر بس سروس کاافتتاح

بدھ 25 نومبر 2015 14:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں ڈبل ڈیکر بس سروس کاافتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبل ڈیکر بس شہر کے تاریخی مقامات پر جائے گی اور سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات پیش کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ماضی میں کئی دہائیوں تک ڈبل ڈیکر بس سروس جاری رہی،بس سروس کے دوبارہ آغاز کا مقصد سیاحوں کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کرنا ہے، ڈبل ڈیکر بس شہر کے تاریخی مقامات کی سیر کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، سیاح ڈبل ڈیکر بس میں قذافی سٹیڈیم سے مینار پاکستان تک سفر کر سکیں گے، سیاح ڈبل ڈیکر بس میں بیٹھ کر لاہور کی سیر کر سکیں گے، سیاحوں کیلئے کرایہ 200روپے اور طالب علموں کیلئے ٹکٹ 100روپے ہو گا اور 10سال سے کم عمر بچے اور معمر افراد مفت سفر کر سکیں گے۔ آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور انتظامیہ کو اس اہم منصوبے پر مبارکباد بھی پیش کی۔