پی آئی اے کی کارکردگی اور نجکاری سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس،سینیٹر مشاہداللہ کنوینر منتخب

بدھ 25 نومبر 2015 14:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی کارکردگی اور نجکاری سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔جس میں کمیٹی کے کنوینرکا انتخاب عمل میں لایا گیا۔سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے خصوصی کمیٹی کے انتخاب کے طریقہ کار کے متعلق کمیٹی کے اراکین کا آگاہ کیا ۔

انہوں نے متعلقہ قواعد کا بھی حوالہ دیا۔اراکین کی اکثریت نے سینیٹر مشاہداللہ کے نام پر اتفاق کرتے ہوئے انہیں اس خصوصی کمیٹی کا کنوینر منتخب کیا۔سینیٹر مشاہد اللہ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے ایک اہم اثاثہ ہے اور یہ ایک انتہائی اہم ذمہ داری ہے جس میں ہم سب مل جل کر اپنا کردار اد ا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمیٹی کے تمام اراکین کا شکریہ اداکیا۔

اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی سفارشات مرتب کی جائیں گی جنکی بدولت معاملات بہتری کی جانب گامزن ہو سکیں۔سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ اس ادارے کی کارکردگی میں بہتری لانا انتہائی ضروری ہے۔سینیٹر جنرل(ر)عبدا لقیوم نے کہا کہ دانشمندی سے چیزوں کو دیکھنا ہو گا۔ پی آئی اے ایک اہم ادارہ ہے۔سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ ادارہ بہت اہم ہے لیکن یہ ہر حکومت کیلئے بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن نہیں ہونی چاہئے۔کیونکہ یہ حکومت کی بے بسی کو ظاہر کرتا ہے۔سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ اس سلسلے میں سنجیدگی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔سینیٹر تاج آفریدی نے بھی سینیٹر مشاہد اللہ کو اس اہم کمیٹی کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ذیادہ دیر نہ کی جائے۔سینیٹر مشاہد اللہ نے اس سلسلے میں سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کمیٹی کا اجلاس جلد ہی طلب کیا جائے گا اور پی آئی اے سے تمام امور پر تفصیلی بریفنگ لی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :