وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کل امریکہ کے دورے پر روانہ ہوں گے

بدھ 25 نومبر 2015 14:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء) وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کل جمعرات کو امریکہ کے دورے پر روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ متبادل انرجی کے بارے میں کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جس میں پاکستان میں انرجی کے بحران کے خاتمے کے لئے امریکہ کی طرف سے تعاون اور امریکی سرمایہ کاری کے امور زیر بحث آئینگے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء“ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ وہ بدھ کی صبح ہی ترکی کے دورے سے واپس پہنچے ہیں جہاں انہوں نے کاسا 1000پاور منصوبے کے حوالے سے ہونے والی میٹنگ میں شرکت کی تھی اور ازبکستان کے صدر کے دورے کے موقع پر کاسا 1000منصوبے کے حوالے سے کافی پیش رفت ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وہ جمعرات کو امریکہ کے دورے پر روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ متبادل انرجی کے بارے میں ایک کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت امریکی صدر بارک اوباما نے وزیراعظم نواز شریف سے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کے دوران دی تھی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان سے اعلیٰ سطحی وفد اس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں پاکستان میں انرجی بحران کے خاتمے کے لئے امریکی حکومت اور امریکی سرمایہ کاروں کی طرف سے تعاون کے بارے میں بات چیت ہوگی۔