مشاہد الله پی آئی اے کی کارکردگی اور نجکاری سے متعلق سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے کنوینرمنتخب

بدھ 25 نومبر 2015 13:50

اسلام آباد ۔ 25 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی کارکردگی اور نجکاری سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے کنوینئر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے خصوصی کمیٹی کے انتخاب کے طریقہ کار سے متعلق کمیٹی کے اراکین کو آگاہ کیا۔

انہوں نے متعلقہ قواعد کا بھی حوالہ دیا۔ اراکین کی اکثریت نے سینیٹر مشاہد الله کے نام پر اتفاق کرتے ہوئے انہیں خصوصی کمیٹی کا کنوینر منتخب کیا۔ سینیٹر مشاہد الله نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے ایک اہم اثاثہ ہے اور یہ ایک انتہائی اہم ذمہ داری ہے جس میں ہم سب مل جل کر اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمیٹی کے تمام اراکین کا شکریہ اداکیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی سفارشات مرتب کی جائیں گی جن کی بدولت معاملات بہتری کی جانب گامزن ہو سکیں۔

سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ اس ادارے کی کارکردگی میں بہتری لانا انتہائی ضروری ہے۔ سینیٹر جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ دانشمندی سے چیزوں کو دیکھنا ہو گا۔ پی آئی اے ایک اہم ادارہ ہے۔ سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ ادارہ بہت اہم ہے لیکن یہ ہر حکومت کیلئے بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن نہیں ہونی چاہئے کیونکہ یہ حکومت کی بے بسی کو ظاہر کرتا ہے۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ اس سلسلے میں سنجیدگی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر تاج آفریدی نے بھی سینیٹر مشاہد الله کو اس اہم کمیٹی کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں زیادہ دیر نہ کی جائے۔ سینیٹر مشاہد الله نے اس سلسلے میں سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کمیٹی کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا اور پی آئی اے سے تمام امور پر تفصیلی بریفنگ لی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :