اسلام آباد بلدیاتی انتخابات، پولیس ایکشن میں آگئی، 23 امیدواروں سے ناجائز اسلحہ برآمد

بدھ 25 نومبر 2015 13:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے پہلے پولیس ایکشن میں آگئی‘ مختلف سیاسی جماعتوں کے 23 امیدواروں سے ناجائز اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کرلئے‘ پندرہ امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پولیس نے اسلام آباد کے مختلف علاقو ں میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں کارروائیوں کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تئیس سے زائد امیدواروں سے ناجائز اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کرلئے۔

انتخابی کیمپس میں ساؤنڈ سسٹم لگانے پر کارروائی کے دوران 48ساؤنڈ سسٹم قبضے میں لے لئے گئے جبکہ پندرہ امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق 1270امیدواروں نے مختلف تھانوں میں حلف نامے جمع کرادیئے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات میں نہ فائرنگ کریں گے نہ جھگڑا کریں گے۔