وزیراعظم کی قومی اسمبلی میں آمد پر ڈیسک بجا کر شاندار استقبال کیا گیا

بدھ 25 نومبر 2015 13:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف کی قومی اسمبلی میں آمد پر ارکان اور وزرا ان سے ملنے کیلئے نشست پر آئے، پختونخواء ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ملنے کیلئے وزیراعظم خود ان کی نشست پر گئے، خواتین ارکان اسمبلی خواتین کے فنڈز کے حوالے سے شگفتہ جمانی اور شاہدہ رحمانی کے ساتھ وزیراعظم کی نشست پر ان سے ملنے آئیں اور ان کو خواتین کے فنڈز جاری کرنے کی درخواست کی، وزیراعظم 45منٹ تک ایوان میں موجود رہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو وقفہ سوالات کے دوران ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی صدارت میں اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف ایوان میں تشریف لائے اور ارکان اسمبلی نے ڈیسک بجا کر وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا، وزیراعظم کی آمد کے ساتھ ہی ارکان اسمبلی کی اکثریت ان سے ملنے ان کی نشست پر آئی، وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں اپوزیشن کی خواتین ارکان اسمبلی بار بار اپنی نشست سے کھڑے ہو کر فنڈز نہ ملنے کا شکوہ کرتی رہیں اور ڈپٹی اسپیکر بار بار ان کو نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کرتے رہے مگر خواتین ارکان نہ بیٹھیں اور بالآخر وزیراعظم کی نشست پر آکر فنڈز کے حوالے سے بات کی۔