لیسکو کا بجلی کے بلوں کی تصحیح کیلئے آنے والے صارفین سے ”ٹیکنیکل فراڈ “ کا انکشاف

بدھ 25 نومبر 2015 13:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) لاہو رالیکٹرک سپلائی کمپنی کی طرف سے گزشتہ ماہ کی ریڈنگ کے مطابق بھجوائے گئے بجلی کے بلوں کی تصحیح کیلئے آنے والے صارفین سے ”ٹیکنیکل فراڈ “ کا انکشاف ہوا ہے ،یونٹس کے استعمال کے مطابق لگائے گئے ٹیرف کو تصحیح کرتے وقت نظر انداز کر کے اوسطاًکمی کی جارہی ہے ۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں صارفین سے استعمال کی گئی بجلی کے یونٹس کے مطابق فی یونٹ قیمت چارج کرتی ہیں جبکہ مختلف سیکٹرز کے لئے بجلی کے فی یونٹ کی قیمتیں بھی مختلف ہیں ۔

لیسکو کی طرف سے صارفین کو نومبر کے بل نئی ریڈنگ کی بجائے گزشتہ ماہ لی گئی ریڈنگ کے تناسب سے بھجوائے گئے جس کے بعد صارفین بلوں کی تصحیح کے لئے واپڈا دفاتر کے چکر لگاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

بجلی کے بلوں کی تصحیح کے دوران لیسکو کی طرف سے صارفین سے ٹیکنیکل فراڈ کاانکشاف ہوا ہے ۔بجلی کے بلوں میں موجودہ ریڈنگ کے مطابق کمی تو کی جارہی ہے لیکن اس میں ” سلیب “ٹیرف کو یکسر نظر انداز کر دیاگیا ہے اور بلوں میں اوسطاً کمی کی جارہی ہے ۔

دوسری طرف گزشتہ روز بھی بلوں کی تصحیح کے لئے آنے والوں کا انتہائی رش رہا ۔ بجلی کے بل کے ساتھ فوٹو کاپی مانگی جارہی ہے جبکہ بعض افراد موجودہ ریڈنگ کے دفاتر پہنچ رہے ہیں جنہیں فوٹو کاپی اور ریڈنگ کے لئے دوبارہ واپس جانا پڑ رہا ہے اور اس دوران کئی خواتین جھولیاں اٹھا کر بدعائیں دیتی رہیں۔

متعلقہ عنوان :