حلقہ ایک کوٹلی کو تقسیم کر کے کوٹلی سٹی اور راج محل دو حلقے بنائے جائیں ‘ظفر ملک

بدھ 25 نومبر 2015 13:10

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء)حلقہ ایک کوٹلی کو تقسیم کر کے کوٹلی سٹی اور راج محل دو حلقے بنائے جائیں ۔ مسلم لیگ ن حلقہ ایک میں منظم قوّت ہے ۔ پارٹی قیادت جسے ٹکٹ دے گی اسے بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے ۔ فاروق حیدر کی قیادت میں حکومت قائم کر کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ۔ کوٹلی کی تمام سڑکیں کھنڈر ، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی حالت ناگفتہ بہ ہے ۔

ن لیگ کو پولنگ سٹیشن کی سطح تک منظم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ یونین کونسل وائیز کنونشن منعقد کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن حلقہ ایک کے صدرظفر ملک نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹلی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکریٹری خورشید قادری ، سابق ٹکٹ ہولڈر ملک محمد سلیم ، راجہ نجیب ایڈووکیٹ ، راجہ فاروق حیدر کے کوآرڈینیٹر راجہ رضوان ، جوائنٹ سیکرٹری صاعقہ رحمان ، آرگنائیزر حلقہ چوہدری محمد یونس، کوارڈینیٹر ملک منشی ، ملک نسیم عکاش ، یوتھ ونگ کے مرکزی رہنما احتشام الحق ، ملک خادم حسین دھنواں ، ملک سلیمان دھنواں ، محمد نواز ، ارشاد مغل سمیت دیگر ن لیگی زعماء موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ظفر ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر جاندار موٴقف اختیار کرنے اور آزاد کشمیر کی ترقی کے لئے اقدامات کرنے پر ن لیگ کے سربراہ و وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی ختم کرنے اور امن عامہ بحال کرنے کے لئے جو اقدامات کئے اس پر پوری قوم ان کی ممنون ہے ۔ ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کا سب سے بڑا ضلع ہے اور حلقہ ایک کوٹلی سب سے بڑا حلقہ ہے جو رحمان پُل سے لیکر کنٹرول لائن تک پھیلا ہوا ہے ۔

کوٹلی کو آبادی کے لحاظ سے 8 انتخابی حلقوں میں تقسیم کیا جائے ۔ حلقہ ایک کو تقسیم کرکے کوٹلی سٹی و گردو نواح پر مشتمل وسطی حلقہ اور راج محل کے علاقوں پر مشتمل الگ حلقہ بنایا جائے ۔ برسوں کی عوامی محرومیوں کے ازالے کے لئے نئے حلقہ جات کا قیام از حد ضروری ہے ۔ سردار سکندر حیات خان نے اپنے دور حکومت میں اضافی حلقے کے قیام کے لئے کوشش کی تھی وہ آج بھی حمائت کرتے ہیں ۔

مسلم لیگ ن حلقہ ایک میں متحد و منظم ہے ۔ پارٹی کو قوّت بنانے کے لئے پولنگ سٹیشن کی سطح تک منظم کریں گے ۔ اسی ہفتے ہر یونین کونسل کا کنونشن منعقد کر نے کے لئے اقدامات کریں گے ۔ قائد اعظم کے فرمان ایمان اتحاد اور نظم پر کاربند ہیں ۔ الیکشن وہی لڑے گا جسے پارٹی ٹکٹ دے گی ۔ پارٹی قیادت کے ہر فیصلے کی تائید و حمائت کرتے ہیں ۔ ٹکٹ ہولڈر کا بھرپور ساتھ دیں گے ۔

آئندہ الیکشن بھاری اکثریت سے جیت کر فاروق حیدر کی قیادت میں حکومت قائم کریں گے ۔ جو عوامی محرومیوں کا ازالہ کرے گی ۔ کوٹلی کی سڑکیں صرف سلار جمہوریت کے دور میں بنی اس کے بعد صرف دعوے کئے گے ۔ کوٹلی تتہ پانی روڈ ، تتہ پانی گوئی روڈ ، کوٹلی دندلی روڈ ، نالہ نیل کے دو پُل ، ککنی بگاہ روڈ ، ساوڑ کلہار روڈ ، بنڈھور روڈ ، چوکی ٹینڈہ روڈ ، چوکی مونگ روڈ ، شہر کی اندرونی سڑکیں کھنڈر بنی ہیں ۔

راج محل کے علاقوں کا انحصار تتہ پانی ہسپتال پر ہے ۔ وہاں صرف ایک میڈیکل آفیسر ہے وہ بھی حاضر نہیں ہوتا ۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہستال کوٹلی کے حالت بھی درست نہیں ۔ اوور لووڈڈ ہے ۔ یہاں بھی مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ سرکاری ڈاکٹر پرائیویٹ ہسپتالوں میں لاچار مریضوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔ راج محل کے بیشتر علاقوں میں سکول نہیں ۔

سکول ہیں تو عمارت نہیں ۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں ٹیچرز حاضر نہیں ہوتے ۔ تعلیمی اداروں کی حالت ناگفتہ بہ ہے ۔ لوگ بھاری فیسیں دے کر بچوں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تعلیم دلوانے پر مجبور ہیں ۔ ظفر ملک نے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ حلقہ ایک میں کوئی اختلاف نہیں ۔ اختلاف رائے ہونا الگ بات ہے ۔ ہم سب پارٹی کے پرچم تلے متحد ہیں ۔

پارٹی قیادت کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں ۔ سردار سکندر حیات خان اور راجہ فاروق حیدر جو بھی فیصلہ کریں اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ۔ن لیگ کے تمام کارکن متحد و منظم ہو کر آئندہ انتخابات میں پوری قوّت کے ساتھ حصہ لیں گے ۔ پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ضلعی جنرل سیکریٹری خورشید قادری ، سابق ٹکٹ ہولڈر ملک محمد سلیم اور راجہ نجیب ایڈووکیٹ نے ظفر ملک کے موٴقف کی تائید کرتے ہوئے کوٹلی میں نئے انتخابی حلقے کے قیام اور دیگر مسائل کے حل کا مطالبہ کیا ۔