پاک امریکہ تعلقات کا فروغ، پاکستانی نژاد امریکی صحافی کو گولڈ میڈل

وائس اف امریکہ کے فیض رحمان کو گولڈمیڈل امریکی محکمہ خارجہ کے ماتحت ادارے نے دیا

بدھ 25 نومبر 2015 12:41

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 نومبر۔2015ء) واشنگٹن میں مقیم معروف پاکستانی صحافی اور وائس اف امریکہ اردو سروس کے چیف فیض رحمٰن کو پاک امریکہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر سونے کا تمغہ دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیض رحمٰن امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے پہلے انگریزی اخبار ”پاکستان لنک“ کے بانی ہیں جو انھوں نے لاس اینجلس سے نکالا تھا۔

ان کی کاوشوں سے پاک امریکہ تعلقات کی بہتری کے لئے قائم اراکین کانگریس پر مشتمل ’پاکستان کاکس‘ میں 90 کے قریب کانگریس مین شامل تھے۔انھیں یہ تمغہ امریکی محکمہ خارجہ کے ماتحت ادارے براڈ کاسٹنگ بورڈ آف گورنر نے پاک امریکہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر دیا ہے۔فیض رحمٰن نے بچپن سے ہی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، دور طالب علمی میں اسکول میگزین کے مدیر رہے۔

(جاری ہے)

اردو اور انگریزی میں ان کی ادارت میں نکلنے والے رسالے معیار کی علامت سمجھے جاتے تھے۔وائس آف امریکہ اردو سروس کی ذمے داری سنبھالنے کے بعد انھوں نے اس ادارے میں ٹیلی ویڑن سروس متعارف کرائی جبکہ ویب نیوز اور ریڈیو سروس کو بھی فروغ دیا۔ان کی ادارت میں وائس اف امریکہ کے اردو سروس پاک امریکہ تعلقات میں بہتری اور امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کی ترجمانی میں اہم کردار ادا کررہاہے جبکہ اہم خبروں، تجزیوں اور تبصروں میں غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے نتیجے میں اردو سروس کی عالمی سطح پر بہترین ساکھ قائم ہوئی ہے۔