سردی میں اضافہ ،شانگلہ، غذر، اپر ولوئردیر میں متاثرین زلزلہ کوشدید مشکلات کا سامنا

بدھ 25 نومبر 2015 12:39

شانگلہ ،غذر،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 نومبر۔2015ء) ملک بھر میں سردی کی لہر میں اضافے سے زلزلہ متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا ، غذر ، شانگلہ ، اپر دیر اور لوئر دیر میں شدید سردی کے باعث متاثرین زلزلے میں نزلہ ، زکام ،کھانسی اور بچوں میں نمونیہ کی بیماریاں پھیلنے لگیں ، لوگوں نے اعلیٰ حکام بیماریوں کی روک تھام کیلئے ڈاکٹرز اور ادویات کی فراہمی اور خیموں کی بجائے عمارتوں میں رہائش دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں موسم سرد اور خشک ہے،زلزلہ سے متاثرہ شانگلہ،اپر اور لوئر دیر اور غذر میں متاثرین کو مختلف موسمی امراض کا سامنا ہے، متاثرین میں زیادہ تر نزلہ ، زکام ، کھانسی اور بچوں میں نمونیہ کی بیماری جنم لے رہی ہے ، متاثرین نے حکومت اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ انہیں ڈاکٹرز اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ ہمیں خیموں سے عمارتوں منتقل کیا جائے تاکہ سخت سردی کے موسم میں بیماریوں سے بچا جاسکے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ ڈویڑن،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے،ملک کے بالائی علاقوں گلگت بلتستان ،مالاکنڈ اورہزارہ ڈویژن ،کرم ایجنسی اور بلوچستان کے شمالی علاقوں میں موسم سرد ہے ،بڑھتی سردی میں اضافے کے ساتھ ہی جلانے کی لکڑی اور گرم گرم مشروبات کی طلب بڑھ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :