وزیر اعلیٰ سندھ دوبئی روانہ،جہاں وہ پارٹی کے شریک چیئرمین کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے ایک اہم اجلاس میں شریک ہوں گے

منگل 24 نومبر 2015 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ منگل کو دوبئی روانہ ہوگئے جہاں وہ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے ایک اہم اجلاس میں شریک ہوں گے۔باخبر زرائع نے بتایا ہے کہ یہ اجلاس دو روز قبل دوبئی میں ہونا تھا لیکن پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر مخدوم امین فہیم کے انتقال کے باعث موخر کردیا گیا تھا۔

حکومت سندھ کے ذمہ دار زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال ، حکومت سندھ کے معاملات اور بلدیاتی الیکشن کے اب تک مکمل ہونے والے دومرحلوں میں حکمراں جماعت کی کارکردگی اور کراچی میں 5دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخاب کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لئے پیپلز پارٹی کی تیاریوں کے بارے میں امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بلدیاتی الیکشن کے تینوں مراحل کی تکمیل کے بعد سندھ کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کے لئے ذہن بنالیا ہے اور سندھ کابینہ سے ایسے وزراء کو فارغ کئے جانے کا امکان ہے جن کے اضلاع میں پیپلز پارٹی حالیہ بلدیاتی الیکشن میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی ۔

اجلاس میں شرکت کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کے علاوہ پارٹی کے کئی دیگر رہنما بھی دوبئی گئے ہیں۔ وزارت بلدیات سے ہٹائے جانے والے سید ناصر حسین شاہ اور گھوٹکی کے سردار علی گوہر خان مہر بھی اس وقت دوبئی میں ہیں جن کی کوشش ہے کہ سید ناصر حسین شاہ کو وزیر بلدیات کی حیثیت سے بحال کردیا جائے۔ مہر گروپ کی یہ خواہش بھی ہے کہ سردار علی گوہر خان مہر کے صاحبزادے حاجی خان مہر کو ضلع کونسل گھوٹکی کی چئرمین شپ دی جائے تاہم پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے گھوٹکی کے مہر سرداروں کو یکطرفہ طور پر نوازنے کے بجائے ان کے سیاسی مخالفین سابق رکن قومی اسمبلی سردار خالد احمد لوند، رکن سندھ اسمبلی احمد علی پتافی، جام سیف اﷲ دھاریجو اور صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈاہر کو بھی دوبئی طلب کرلیا ہے پیپلز پارٹی اپنے دوبئی اجلا س میں سندھ بھر میں ضلع،تحصیل اور ٹاؤنز کمیٹیوں کے چئرمین کے ناموں کو بھی حتمی شکل دے گی اور اس بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا کہ مخدوم امین فہیم کے انتقال کے بعد پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے نیا صدر کسے بنایا جائے اس حوالے سے اب جو چند نئے نام سامنے آئے ہیں ان میں سید یوسف رضا گیلانی،سید خورشید احمد شاہ اور آفتاب شعبان میرانی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :