الیکشن کمیشن کا وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ہر پولنگ سٹیشن پر رینجرز تعینات کرنے پر اتفاق

منگل 24 نومبر 2015 22:54

اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے 30 نومبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ہر پولنگ سٹیشن پر رینجرز تعینات کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ 62 حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر تعیناتی کیلئے فوج طلب کی جائے گی جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو کہا گیا ہے کہ تمام پولنگ سٹیشنوں پر بروقت پولنگ یقینی بنائی جائے۔

منگل کو وفاقی دارالحکومت میں 30 نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے جائزے، سیکورٹی کی صورتحال، بیلٹ پیپرز کی چھپائی سمیت دیگر انتظامات کے جائزے کیلئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران، سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، چیف کمشنر اسلام آباد، ایم ڈی پرنٹنگ کاپوریشن آف پاکستان، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں صاف، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے جبکہ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو برابر مواقع فراہم کرنا بھی اس کی ذمہ داری ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے الیکشن کمیشن کو اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کے ڈھانچے، بیلٹ پیپر کی چھپائی سمیت دیگر انتظامات سے آگاہ کیا۔

آئی جی پولیس اسلام آباد نے سیکورٹی پلان جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ڈی آر او ، آئی جی پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے انتظامات کو سراہا گیا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 22 حساس ترین عمارتوں میں آرمی کی تعیناتی کیلئے ریکوزیشن بھجوائی جائے گی۔

اجلاس کے دوران آئی جی کی جانب سے پیش کئے گئے سیکورٹی پلان جس میں ہر پولنگ سٹیشن پر رینجرز کی تعیناتی شامل تھی، سے اتفاق کیا گیا۔ ڈی آر او اسلام آباد کو کہا گیا کہ وہ 26 نومبر تک پولنگ سٹیشن کی تبدیلی سے متعلقہ شکایات پر فیصلہ کریں اور اس کے بعد کوئی تبدیلی نہ کی جائے۔ ڈی آر او کو کہا گیا کہ وہ تمام ریٹرننگ آفیسران کو ہدایات جاری کریں کہ وہ بیلٹ پیپر حاصل کرنے سے قبل اس کو دوبارہ چیک کر لیں تاکہ کسی قسم کی غلطی، نام اور انتخابی نشان مسنگ نہ ہو جبکہ ڈی آر او کو یہ بھی کہا گیا کہ وہ تمام 640 پولنگ سٹیشنوں پر مقررہ وقت صبح 7 بجے پولنگ شروع کرانے کو یقینی بنائیں۔