میرپور بیوٹیفکیشن پروگرام کی جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے، وزیراعظم آزادکشمیر

منگل 24 نومبر 2015 22:54

اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے ہدایت کی ہے کہ میرپور بیوٹیفکیشن پروگرام کی جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے، ادارہ ترقیات میرپور تارکین وطن کے لیے قائم کیے گئے ون ونڈو آپریشن کو مزید موثر بنائے اور تمام رہائشی علاقوں کے جملہ معاملات کو یکسو کرے،میرپور کے عوام نے دوسری بار پاکستان کی معاشی ترقی وخوشحالی کیلئے قربانیاں دی ہیں اہلیان میرپور کے تمام معاملات کو ترجیح بنیادوں پر یکسو کریں گے اور میرپور کو بین الاقوامی نوعیت کا شہر بنا دیں گے، میرپور میں جدید پبلک پارکس قائم کریں گے تارکین وطن اور ان کے بچوں کو یورپی طرز جیسی سہولیات فراہم کریں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر یہاں ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات میرپور وسابق صدر چمبر آف کامرس چوہدری جاوید اقبال سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالادستی کو یقینی بنایا ۔آزادکشمیر کا بین الاقوامی تشخص اجاگر کیا اور آزادکشمیر میں استحصالی کلچر کا خاتمہ کر کے تعمیر وترقی وخوشحالی کا ایسامیکانیزم اختیار کیا جس سے آزادخطہ کے عوام کی ماضی کی محرومیوں کا ازالہ کیا ،پیپلزپارٹی کی حکومت جو انسانیت کی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے وہ منفی عزائم کو عوامی ترقی وخوشحالی کے ایجنڈے کی رکاوٹ نہیں بننے دے گی۔

ہم عوامی حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ آزادکشمیر میں مزید میگا پراجیکٹس دیں گے اور آزادکشمیر کے عوام کا مقدر سنوار کر رکھ دیں گے۔ مسئلہ کشمیر ہماری زندگی وموت کا مسئلہ ہے تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت شہداء کی وارث ہے جنہوں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کیلئے اپنے لہو کا نذرانہ دیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کومسترد کرتے ہوئے اس غیر آئینی تسلط کے خاتمہ کیلئے جو کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں بھارت کے قابض وغاصب حکمران ریاستی دہشت گردی کے ذریعے زیادہ عرصہ تک ان کی منزل میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔

متعلقہ عنوان :