مشیر صحت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس

ڈینگی کے آئندہ سیزن کی ابھی سے تیاری شروع کر دی جائے ،خواجہ سلمان رفیق

منگل 24 نومبر 2015 22:54

لاہور۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء ) کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا - اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لبنیٰ فیصل اور پیرا شرف رسول کے علاوہ تمام سرکاری محکموں کے سینئر افسران ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ، انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ماہرین اور طبی ماہرین نے شرکت کی - راولپنڈی ،ملتان ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے ڈی سی اوز اور دیگر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے - اجلاس کو پورے صوبے خصوصاً راولپنڈی ، ملتان اور لاہو رمیں ڈینگی کی تازہ ترین صورتحال بارے بریفنگ دی گئی - ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ ڈینگی کی صورتحال آہستہ آہستہ معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران روالپنڈی میں صرف 3 ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ ملتان میں گزشتہ کئی ر وز سے ڈینگی کا اکا دکا کیس ہی رپورٹ ہو رہا ہے - ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ راولپنڈی اور ملتان میں سخت سرویلنس کی وجہ سے نمایاں بہتری آئی ہے - چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ راولپنڈی میں صورتحال انتہائی خراب ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے تھے تاہم تمام سرکاری محکموں کی انتھک محنت کے نتیجے میں صورتحال میں واضح بہتری آ گئی ہے - ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ پنجاب میں یکم جنوری 2015 ء سے 23 نومبر تک ڈینگی کے 4214 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 300 مریض دیگر صوبوں سے آئے جنہیں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں - رواں سال راولپنڈی میں 13272، ملتان میں 358 اور لاہور میں 114 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ ڈینگی سے سات اموات ہوئی جن میں راولپنڈی میں 6 اور لاہو رمیں ایک مریضہ کی موت ہوئی - اجلاس کو بتایا گیا کہ پروفیسر جاوید اکرم وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی اسلام آباد کی سربراہی میں ریجنل ڈینگی ایڈوائزری گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے جو اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے لئے ڈاکٹرز کو کیس مینجمنٹ کی گائیڈ لائنز اور تربیت فراہم کرے گا - اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ٹیکنیکل ایڈوائزر ی کمیٹی آئندہ سیزن میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے ابھی سے کام شروع کردے اور رواں سیزن میں جو خامیاں سامنے آئی ہیں ان کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایس او پیز(SOPs) کو اپ ڈیٹ کیا جائے اور حکمت عملی ترتیب دی جائے - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی کنٹرول اور مریضوں کے علاج میں تمام سرکاری محکموں نے نہایت محنت کے ساتھ کام کیا ہے اور ڈاکٹرز نے سینکڑوں مریضوں کی جانیں بچائی ہیں -انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ ڈینگی کنٹرول کے اقدامات اور سرگرمیاں جاری رکھیں۔

متعلقہ عنوان :