سپریم کورٹ نے فوج مخالف مواد تقسیم کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرلی

منگل 24 نومبر 2015 22:45

لاہور۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 نومبر۔2015ء) سپریم کورٹ نے فوج مخالف مواد تقسیم کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس اعجاز احمد چوہدری نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم معظم رشید کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس نے بغیر ثبوت اور گواہوں کے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے لہذا ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کے قبضے سے فوج مخالف مواد برآمد ہوا ہے جس پر اسکے خلاف تھانہ سبزہ زار میں مقدمہ درج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت کوئی بھی ملزم ضمانت کے لئے کسی بھی فورم سے رجوع کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی تفتیش کا یہ عالم ہے کہ گیارہ ماہ میں ملزم سے تفتیش میں یہ پتہ نہیں لگایا جا سکا کہ اس نے کن افراد میں مواد تقسیم کیا،کس پبلشر نے مواد چھاپا اور ملزم کوکتاب چھاپنے کے لئے فنڈز کس نے دئیے۔۔عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم معظم رشید کو فوری طور پر رہا کرنے کے احکامات صادر کر دئیے۔

متعلقہ عنوان :