ووٹ ایک مقدس امانت ہے جو نیک اور اہل امیدوار کو دینا شرعی وقومی فریضہ ہے ،شرعی بورڈپاکستان

ووٹ نہ دینایا نااہل کو دینا جرم ہے ،غلط استعمال پر گناہ اور عذاب ہوگا،ڈاکٹرمفتی محمد ظفر اقبال جلالی کی اجلاس میں گفتگو

منگل 24 نومبر 2015 22:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) چیئرمین شرعی بورڈ پاکستان ڈاکٹر مفتی محمد ظفر اقبال جلالی کی صدارت مرکز اہل سنت جامعہ اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا ،جس میں موجودہ دنوں کے ایک اہم مسئلہ ووٹ کے بارے میں قرآن وسنت اوراحادیث شریف کے حوالہ جات کی روشنی میں بحث کی گئی ،ڈاکٹر مفتی محمد ظفراقبال جلالی نے بحث کا نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور میں انقلاب نظام مصطفی^ ،غلبہ اسلام اور قرآن وسنت کی بالادستی کے لیے دیگر ذرائع کی طرح الیکشن بھی ایک ٹھوس اور مؤثر ذریعہ ہے جس کے ذریعے اچھے اور برے حضرات ایوان اقتدار تک پہنچتے ہیں اور ملک کی باگ ڈور سنبھالتے ہیں ،ووٹ ایک مقدس امانت ہے جو نیک ،اہل علم اور باصلاحیت امیدوار کو دینا ایک شرعی وقومی فریضہ ہے اور ووٹ نہ دینا یا نااہل کو دینا جرم ہے ،شرعی اعتبار سے ووٹ گواہی ،وکالت اور سفارش کی حیثیت ہے جو ہر اعتبار سے صالح اور اہل امیدوار کو ہی دیا جانا چاہیے اور ہر فرد کا شرعی ،اخلاقی اور قومی فریضہ ہے کہ وہ اپنے ووٹ کو اتنی توجہ اور اہمیت کے ساتھ استعمال کرے جس کا وہ فی الواقع مستحق ہے ۔

(جاری ہے)

ووٹرحضرات کا پیسوں کے عوض ،دباؤ کے تحت ،ناپائیدار دوستوں کے اعتماد پر ، دنیاوی لالچ ،جھوٹے وعدوں اور نعروں کے بھروسے پر ،ذاتی تعلقات ،برادری کی عزت سمجھ کر اور لسانی وعلاقائی تعصب کی بنیاد پر ووٹ کا حق استعمال کرنا بہت سنگین غلطی اور جرم ہے لہذا ووٹ کے صحیح استعمال پر قیامت کے دن اجر وثواب اور غلط استعمال پر گناہ اور عذاب ہو گا۔مفتی محمد اسلم جلالی،مفتی بابرعلی الازہری ،مفتی رخساراحمد جلالی ،مفتی کاشف اشرف توحیدی،مفتی عبدالرزاق جلالی،مفتی شفقت حسین شاہ بخاری ،مفتی سجاداحمد جلالی،مفتی مشاہد حسین جلالی،مفتی ماجد نواز جلالی،مفتی رفاقت علی جلالی کے علاوہ دیگر نے شرعی بورڈپاکستان کے اجلاس میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :