بلدیاتی انتخابات میں عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن) پر اعتماد کیا ہے،بیگم شاہدہ قدیر

پہلے دو مرحلوں خی طرح تیسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی،مسلم لیگی رہنما

منگل 24 نومبر 2015 22:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلا م آباد کی رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہاہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی انقلابی پالیسیوں کے ثمرات کو عوام تک منتقل کرنے کیلئے بلدیاتی اداروں میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کوکامیابی سے ہمکنار کرنا ہے،جس طرح بلدیاتی انتخابات کے پہلے دومرحلوں میں عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن) پر مکمل اعتماد کااظہار کیا ہے اسی طرح تیسرے مرحلے میں بھی اسلام آباد سمیت پاکستان مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور مخالفین کو بھاگنے اور منہ چھپانے کیلئے کوئی جگہ نہیں ملے گی-ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا-بیگم شاہدہ قدیر نے کہاکہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں کی عوام نے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی دھرنا اور منفی سیاست کو مسترد کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ صرف اور صرف خدمت کرنے والوں کو پسند کرتی ہے ،بلدیاتی انتخابات میں ریکارڈ کامیابی ہی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی انتھک محنتوں اور مثبت پالیسیوں کا ثمر ہے- بیگم شاہدہ قدیر نے کہاکہ عوام باشعور ہیں وہ کسی صورت تاریکی اور مایوسی کی طرف جانے والے قافلے میں شامل نہیں ہونگے بلکہ ترقی کے سفر اور روشن پاکستان کی طرف گامزن قافلے کا حصہ بنیں گے جو وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں منزل کی طرف بڑھ رہا ہے-بیگم شاہدہ قدیر نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد کے غیور عوام وزیراعظم میاں نوازشریف پر اعتماد کااظہارکرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نامزد امیدوار کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے،مسلم لیگ(ن) کے نظریاتی کارکن اپنی تمام ترتوجہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مرکوزکر دیں-