مسلم لیگ ن عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ، بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ ن کی شاندار فتح پارٹی کی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے ،بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ ن کلین سویپ کرے گی

رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سرفراز افضل کا یونین کونسل 88میں انتخابی جلسے سے خطاب

منگل 24 نومبر 2015 22:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) پارلیمانی سیکرٹری رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سرفراز افضل نے کہا ہے کہ دھرنے والوں کو اب ہوش آجانا چاہیے کہ ان کے دھرنوں نے قوم کو سوائے مایوسی کے کیا دیا ؟مسلم لیگ ن کل بھی عوامی خدمت پر یقین رکھتی تھی اور آج بھی اسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ، بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ ن کی شاندار فتح پارٹی کی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے ، بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ ن کلین سویپ کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو چکری روڈ پر حلقہ پی پی 06کی یونین کونسل 88سے مسلم لیگ ن کے نامزد پینل کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ ن یو سی88 کے نامزد امیدوار برائے ناظم چوہدری صفدر حسین،نامزد امیدوار برائے وائس چیئرمین یوسی 88ملک یاسر عرفات ،حاجی غضنفر ،اظہر محمود ،نصیر مغل ،جاوید اقبال ،صدام حسین ،محمد ندیم،عادل مغل ملک محسن ،عبدالرزاق،زاہد عرف مانا، ظفر منہاس ،جہانگیر ،عارف ،منیر ،نعیم ،حافظ سجاد کھوکھر ،فیصل کھوکھر ، اشتیاق قادری ،جاوید اور حق نواز سمیت معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

چوہدری سرفراز افضل نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگی امیدواروں کی کامیابی عوام کا میاں محمد نواز شریف پر اعتماد کا مظہر ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عوامی فلاح کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ۔انہوں نے کہاکہ یونین کونسل 88کے لیے نامزد پینل کے امیدواروں حاجی صفدر حسین اور ملک یاسر عرفات نے قبل ازیں بھی اپنے حلقہ انتخاب میں لوگوں کی فلاح و بہبود کے بے شمار کام کیے ۔

اسی کارکردگی کی بناء پر یو سی 88کے باسیوں نے ایک مرتبہ پھر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔امیدوار برائے چیئرمین چوہدری صفدر حسین نے اپنے خطاب میں کہاکہ عوام کھوٹے اور کھرے کی پہچان رکھتے ہیں اورسابقہ کارکردگی سے بخوبی آگاہ ہیں،عوام پارٹیاں بدلنے والوں کی نیتوں سے بھی واقف ہیں ،اس لیے وہ کبھی بھی موقع پرستوں کی پیروی نہیں کریں گے بلکہ ان لوگوں کا ساتھ دیں گے جو نہ صرف ان کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں بلکہ ان کی سابق کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے ۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیدوار برائے وائس چیئرمین ملک یاسر عرفات نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے کامیاب انعقاد سے عوام کو نچلی سطح پر نمائندگی کا حق ملے گا جس سے علاقائی مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے گا اور تھانے کچہری کی سیاست کا خاتمہ ہو گا ۔ملک یاسر عرفات نے کہاکہ ووٹ کے حق کو سوچ سمجھ کر استعمال کرنا ہی دانشمندی ہے ، عوام کو چاہیے کہ بلدیاتی انتخابات میں اپنے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کر کے اپنے مستقبل کو محفوظ بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کا درست استعمال آپ کی تقدیر سنوار سکتا ہے اور عوامی مسائل کا فوری حل ہو سکتا ہے جبکہ دوسری صورت میں اس کے برعکس ہو گا ۔